محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا ایک اورسلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے اکثر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ 22 سے 26 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بارش اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی ہے۔
اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اورفلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔
بارشوں سے پشاور،چارسدہ، نوشہرہ، مردان ،ڈی آئی خان اور کے بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، برساتی نالوں کی نگرانی کی جائے۔
طوفان کی صورت عوام بجلی کی تاروں، کمزور تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائیں۔
پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں۔
سڑک کی بندش سے بچنے کے لیے ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کر کئے جائیں۔ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ اسپیل میں ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔
سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے اور سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔