سیاست

عمران خان 9 مئی کے واقعات پر مزید مقدمات میں نامزد

 

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نو مئی کے واقعات پر مزید مقدمات میں نامزد کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور جی ایچ کیو گیٹ پر حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار اور نیو ٹاؤن میں درج ہے، جس میں عمران خان کو بھی نامزد کردیا گیا ہے۔

مقدمہ میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت سمیت پندرہ افراد پہلے ہی نامزد ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو دہشتگردی ایکٹ کے تحت چھ مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف تین مقدمات نو اور تین دس مئی کو درج کیے گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو فیصل آباد اور راولپنڈی میں درج دو دو مقدمات میں نامزد کیا گیا۔ گوجرانوالا اور میانوالی میں بھی درج ایک ایک مقدمے میں بھی انہیں نامزد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے بیانات کی روشنی میں نامزدکیاگیا اور تمام مقدمات تھانوں کے پولیس افسران کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایاکہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کو تمام مقدمات میں تفتیش کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button