آل پرائمری سکول ٹیچرز: ‘ جو عدہ کیا گیا ہے وہ پورا کیا جائے’
آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا (اپٹا) نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے نگران صوبائی حکومت سے اپ گریڈیشن کو ہر صورت میں منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پیر کو پشاور پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاج مظاہرے کی قیادت عزیز اللہ خان کررہے تھے جس میں بڑی تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کل خیبر پختونخوا کی نگران صوبائی حکومت بجٹ پیش کرنے جارہی ہے اس لیے آج کے احتجاج کرنے کا مقصد صوبائی حکومت کو یاد دہائی کرانی ہے کہ وہ صوبائی بجٹ میں ان کے آپ گریڈیشن کے لیے فنڈز رکھے اور ان کے ساتھ آپ گریڈیشن کا جو وعدہ کیا گیا ہے وہ پورا کیا جائے۔
احتجاج میں شریک ایک سرکاری سکول کے ہیڈ ماسٹر فضل محمد مشال نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے پرائمری سکولز کے اساتذہ کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ یکم جولائی سے ان کو آپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ ان کے بقول اپ گریڈیشن کے لیے پورے صوبے کے سرکاری اساتذہ نے بہت قربانی دی ہے۔
ان کے مطابق پہلے پرائمری سکولوں کے اساتذہ جس گریڈ میں بھرتی ہوتے تھے اسی میں ریٹائرڈ ہوجاتے تھے جبکہ اس آپ گریڈیش کے بدولت ان کی ترقی ہوجائے گی اور ریٹائرڈمنٹ کے بعد انہیں مراعات بھی دئے جائیں گے، اب ہماری کوشش ہے کہ پرائمری سکول کے ہیڈ ماسٹر کو 16 اور استاد کو 15 سکیل دیا جائے اور ریٹائرڈمنٹ کے بعد بھی انہیں مراعات دی جائے۔
فضل محمد مشال نے بتایا کہ آپ گریڈیشن کا مطالبہ صوبے بھر کے لاکھوں اساتذہ کر رہے ہیں جن میں خواتین اساتذہ بھی شامل ہیں اور اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو لاکھوں اساتذہ ریڈ زون میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔