لائف سٹائل

امریکا میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام پر ایک پاکستانی افسر کو ایوارڈ سے نوازا گیا

 

امریکی محکمہ خارجہ نے انسانی اسمگلنگ پر سالانہ رپورٹ جاری کردی، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام پرایک پاکستانی سمیت 8 افراد کوایوارڈ سے نوازا گیا۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹونی بلنکن نے  15 جون کو واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہونے والی ایک پُر وقار تقریب میں پاکستان کےقانون نافذ کرنے والے افسر ظہیر احمد کو انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے منظم کاوشوں کے اعتراف میں  ٹریفکنگ اِن پرسنز (ٹی آئی پی) ہیرو ایوارڈ  سے نوازا۔ یہ سالانہ ایوارڈ دینے کا مقصد ٹریفکنگ اِن پرسنز کی جانب بین الاقوامی توجہ مبذول کرانا ہوتا ہے۔ ظہیر احمد کو یہ ایوارڈ حکومتِ پاکستان کی جانب سے انسانی اسمگلنگ فروشی کے خاتمہ کے لیے متعارف کردہ اصلاحات کے بہترین نفاذ،  اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کے سلسلہ میں قائدانہ کردار ادا کرنے اور تربیتی اقدامات سرانجام دینے پر دیا گیا ہے۔ ان کاوشوں کی بدولت ۲۰۲۲ء کی بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ کی درجہ بندی میں پاکستان  ترقی کر کے درجہ دوئم واچ لسٹ سے نکل کر صرف درجہ دوئم میں شامل ہو گیا۔

واضح رہے کہ ظہیر احمد فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن اسمگلنگ یونٹ کے سابق ڈائریکٹر ہیں اور وہ پاکستان میں ہر قسم کی انسانی اسمگلنگ کے  خاتمہ کے لیے  سرگرم رہے ہیں۔ پاکستان میں انہوں نے اِس بین الاقو امی مسئلہ کے خطرات سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے پاکستانیوں کو آگہی فراہم کی  اور اُن ہی کےغیر متزلزل عزم اور اختراع پسندی پر مبنی اقدامات کے نتیجہ میں پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان  تعاون میں اضافہ ہوا اور انسانی اسمگلنگ اور اُس سے متاثرہ افراد کی شناخت میں بہتری واقع ہوئی۔

ایف آئی اے میں اینٹی ہیومن سمگلنگ یونٹ کےسربراہ کے طور پر  ظہیر احمد قانون نافذ کرنے والے اداروں،  محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر شراکت داروں کو انسانی اسمگلنگ کے واقعات کی روک تھام، شناخت اور معاونت کی تربیت فراہم کرنے کی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے۔  ظہیر احمد کی کاوشوں نے مقامی اور بین الاقوامی آگہی گروپوں تک وسعت پائی حکمت عملی پر مبنی  اشتراک  تشکیل پائے اور بردہ فروشی کے خلاف  متحدہ  محاذ مضبوط ہوا۔  اُن کی انتھک محنت پاکستان میں پالیسی سطح کی اصلاحات  اور قانونی ڈھانچہ کی مضبوطی میں مؤثر ثابت ہوئی۔  ظہیر احمد اور دیگر پاکستانی اہلکاروں کی قابل تحسین خدمات کی وجہ سے ہی پاکستان نے ۲۰۲۲ء میں اقوام متحدہ کے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام، خاتمہ اور سزا سے متعلق پروٹوکول پر دستخط  کیے۔

واشنگٹن میں ایک تقریب  کے دوران یہ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے ظہیر احمد نے  اپنے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  کہا کہ یہ ایوارڈ  ہماری اجتماعی کوششوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا  کہ وہ دُنیا بھر سے انسانی اسمگلنگ کے خاتمہ کی خاطر  اپنے ہم منصب افراد کے ساتھ  جدوجہد جاری رکھیں گے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button