جرائم

بونیر میں دو افراد پراسرار طور پر جاں بحق، وجہ شراب نوشی یا دم گھٹنا؟

خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر بازارگے میں دو افراد پراسرار طور پر جاں بحق ہو گئے۔

پولیس سٹیشن جوڑ کی حدود میں واقع بازارگے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ان افراد کی شناخت عمر زاد خان اور خیر الرحمان کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی لاشیں گیراج کے اندر گاڑی سے ملی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے اندر سے شراب کی بوتل بھی برآمد ہوئی جبکہ اس دوران گاڑی کا اے سی بھی چل رہا تھا اس لیے ممکن ہے کہ دونوں افراد نے مبینہ طور پر شراب پی رکھی تھی اور اے سی کی وجہ سے ان کا دم گھٹ گیا ہو۔

پولیس نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں جس کے بعد ان کی نمازہ جنازہ ادا کی گئی۔

حکیم اللہ سیال خیر الرحمان کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ ٹی این این سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بونیر بازارگے میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کیونکہ علاقائی رسم و رواج کے تحت شراب نوشی کو معیوب سمجھا جاتا ہے لیکن رشتہ دار کی پراسرار موت نے ان کے خاندان کو غم سے نڈھال کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خیر الرحمان گزشتہ کئی عرصے سے ٹیکسی چلاتا تھا اور یہی اس کا ذریعہ معاش تھا جبکہ عمر زاد خان تاحال بے روزگار تھا۔

ان کے بقول فی الحال وہ اس واقعہ کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن اس واقعے نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے کہ اگر واقعی ان کی موت شراب نوشی کی وجہ سے ہوئی ہے تو علاقے میں منشیات کہاں سے آتی ہیں اور پولیس اس کی روک تھام میں کیوں ناکام نظر آ رہی ہے؟

انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بونیر میں منیشات فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button