جرائم

حیات آباد میں مبینہ طور پر دس سالہ بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو زخمی کردیا

 

آفتاب مہمند 

پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں مبینہ طور پر دس سالہ بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو زخمی کردیا۔ زخمی ہونے والا شخص ڈاکٹر شاہد رضوان ہے جو کئی سالوں سے پشاور کے ایک نجی یعنی ” مرسی ہسپتال” میں ملازمت کرتا ہے۔ انکو زخمی حالت میں پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شاہد رضوان کا کہنا ہے انکو نامعلوم موٹر سائیکل نے زخمی کیا ہے جبکہ تاتارا پولیس کے مطابق انکو بیٹے نے فائرنگ کرکے زخمی کیا ہے۔

اس حوالے سے ڈاکٹر شاہد رضوان سفیر نے زخمی حالت میں پشاور کی تھانہ تاتارا پولیس کو بیان ریکارڈ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ شب وہ گھر پر موجود تھے۔ رات کے 12 بج کر 10 منٹ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے انکے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا اور گھنٹی بھی بجائی۔ جونہی وہ باہر آئے تو موٹر سائیکل پر سوار افراد میں سے ایک شخص نے اچانک ان پر فائرنگ کی جسکے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ نامعلوم موٹر سائیکل سوار رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر رضوان شاہد سفیر نے مزید کہا ہے کہ تین ہفتے قبل انہوں نے ایک آن لائن ایف آئی آر درج کرائی تھی کہ چند نامعلوم افراد نے پہلے بھی انکے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا اور انکو دھمکیاں دیکر فرار ہوگئے تھے۔ اس حوالے سے ٹی این این نے جب ڈاکٹر شاہد رضوان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے تفصیلات فراہم کرنے یا بات چیت کرنے سے معزرت کرلی۔

ترجمان حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے مطابق انکی حالت خطرے سے باہر ہیں اور انکو مطلوبہ علاج بہتر طریقے سے جاری ہے۔

واقعہ سے متعلق ٹی این این نے جب تھانہ تاتارا پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے بتایا کہ گزشتہ شب انکو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی کہ حیات آباد کے فیز 7 میں شاہد رضوان نامی شخص فائرنگ سے زخمی ہو گیا ہے جو پیشہ کے لحاظ سے ایک ڈاکٹر ہیں۔ جس پر ڈی ایس پی حیات آباد محمد ارشد خان اور ایس ایچ او تھانہ تاتارا تیمور سلیم فوری موقع پر پہنچ کر مجروح ڈاکٹر شاہد رضوان کو بغرض علاج ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تاتارا پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس نے فوری طور پر ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی جو انکے گھر پہنچی۔ موصوف کا ایک بیٹا اور بیٹی گھر پر موجود تھے۔ واقعہ سے متعلق جب ان سے پوچھا گیا تو پولیس تفتیشی ٹیم کو ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ میاں بیوی کے مابین گھریلو ناچاقی پر جھگڑا ہوا۔ شاہد رضوان کے بیٹے محمد ارشمان عمر تقریبآ 10/11سال نے اپنی والدہ کی طرف داری کرتے ہوئے گھر کے اندر کچن میں فائرنگ کرکے والد زخمی کر دیا تھا۔

پولیس کی تفتیشی ٹیم نے موقع سے آلہ ضرر پستول اور ایک عدد خالی خول سمیت دیگر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ ایک سوال کے جواب پر تاتارا پولیس نے ٹی این این کو بتایا کہ ارشمان چونکہ جیوانائل بھی ہے اور اگر ملزم ہے تو اپنے گھر ہی پر موجود ہے کہیں بھی فرار نہیں ہوا لہذا فی الوقت گرفتاری کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی ہے۔ چونکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش کا عمل جاری ہے لہذا حتمی نتیجے پر پہنچ کر پولیس قانون کے مطابق واقعہ سے متعلق نمٹے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button