لائف سٹائل

پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی کارروائی، ارشد سینما میں ڈانس شو بند

پشاور کے ضلعی انتظامیہ نے اتوار کے روز ایک کارروائی دوران ارشد سینما میں ڈانس شو کو بند کر دیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوامی شکایت پر انہوں نے ارشد سینما میں جاری ڈانس شو کو بند کر دیا ہے کیونکہ ان کے بقول شو میں لڑکیوں نے نازیبا لباس زیب تن کیا ہوا تھا جبکہ آئندہ بھی اس قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے اس عمل پر شوبز سے وابستہ فنکاروں نے مایوسی کا اظہار کرتے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اجازت نامہ کے باوجود ان کے شو کو بند کردیا گیا جبکہ سینما سیل کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

ٹی این این سے بات کرتے ہوئے پشتو فلموں کے معروف ہیرو شاہد خان نے ‘ ورائٹی’ سٹیج شو کو بند کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر پشاور سیدہ زینت نقوی نے خواتین و مرد فنکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی انتہا کرتے ہوئے دھکے دئے اور سینما کے دروازے توڑے، اگر یہی حالت رہی تو اس ملک میں کون کاروبار کرنے آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سینما مالکان خیبر پختونخوا حکومت سمیت وفاقی حکومت کو لاکھوں روپے کا ٹیکس دیتے ہیں تاہم اس کے باوجود سینما انڈسٹری اور اس سے وابستہ ہنرمندوں کے ساتھ ناروا سلوک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہیں کی گئی تو سینما سمیت فلم انڈسٹری کے اداکار حکومت کیخلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔

دوسری جانب گزشتہ روز عوامی شکایت پر مردان میں بھی شاہین سینما کو بند کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مردان کینٹ ایریا میں واقع شاہین سینما کو پنجاب رجمنٹ سنٹر انتظامیہ نے بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ شاہین سینما ارشد فلمز منجمنٹ کے زیر نگرانی چند ماہ قبل کھولا گیا تھا جہاں پشتو کی فلمیں چلائی جاتی تھیں۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button