پشاور میں امام مسجد کو قتل کردیا گیا
پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں امام مسجد کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مولانا اطلس پر مسجد کے صحن میں فائرنگ کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے افراد کو موقع پر موجود افراد نے پہچان لیا مگر وہ فرار ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان غفار اور مولانا حلیم نے مولانا اطلس پر فائرنگ کی ہے جنکی مولانا اطلس کے ساتھ دشمنی چلی آرہی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ وجہ سے مولانا اطلس موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ مولانا اطلس کی عمر قریبا 73 سال تھی اور انکے آباو اجداد بھی اس مسجد میں امامت کرتے تھے۔ اس سے قبل انکے بھائی کو بھی قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس حوالے سے تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے ایک ہفتے میں پیش آنے والا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 31 مئی اور 3 جون کو بھی دو مختلف واقعات میں دو عالم دین کو قتل کیا گیا تھا۔ 31 مئی کو تھانہ یکہ توت کے علاقے وینو سرائے میں مدرسہ معراج القرآن کے اندر نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے 35 سالہ خادم کو قتل کردیا تھا۔
3 جون کو بڈھ بیر کے علاقے آفریدی آباد میں مولانا مفتی احسان الحق کو قتل کیا گیا تھا۔ مولانا مفتی احسان مسجد سے واپس گھر جارہے تھے جب راستے میں انکو قتل کیا گیا۔