نیب: پی ٹی آئی کے دو سابق وزرائے اعلیٰ کے خلاف کریشن کی تحقیقات شروع
قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے دو سابق وزرائے اعلیٰ کے خلاف مبینہ طور پر بدعنوانی کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ پر چھاپے کے دوران محکمہ صحت کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا گیا جہاں ادویات اور سامان کی خریداری میں کروڑوں روپے کی بے قاعدگیوں کے شواہد ملے ہیں۔
واضح رہے کہ نیب سال 2016 سے 2023 تک ادویات کی خریداری اور سالانہ بجٹ کی تحقیقات کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ادویات اور دیگر سامان کی خریداری میں بے ضابطگیوں کے شواہد ملے ہیں، کروڑوں روپے تنخواہوں کی مد میں جبکہ لاکھوں روپے ادویات کے لیے رکھے گئے ہیں۔
نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ دو سابق وزرائے اعلیٰ کے دور میں ہسپتال کے لیے سامان، بھرتیوں اور کورونا میں استعمال ہونے کے لیے خریدے گئے سامان کے حوالے سے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ریفرنس دائر کیا جائے گا۔