9 مئی کو سابق ایم پی ایز و پارٹی قائدین پرتشدد مظاہرین کے ساتھ رابطے میں تھے: جیو فنسنگ رپورٹ
انور خان
پشاور میں 9 اور 10 مئی کے پرتشدد واقعات میں تحریک انصاف کے سابق ارکان اسمبلی کے ملوث ہونے کی جیو فنسنگ رپورٹ منظر عام پر آگئی۔
پشاور میں 9، 10 مئی کو پرتشدد واقعات کے دوران کون کس کے ساتھ رابطے میں تھا جیو فنسنگ میں سب کچھ سامنے آگیا۔ جیو فنسنگ رپورٹ کے مطابق 9 ، 10 مئی کے پرتشدد مظاہروں میں سابق ایم پی ایز و پارٹی قائدین پرتشدد مظاہرین کے ساتھ رابطے میں تھے۔
پرتشدد مظاہرین کا سراغ لگانے کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔ جے آئی ٹی میں پولیس و ایجنسیوں نے جیو فنسنگ سمیت مختلف رپورٹس مرتب کرلی ہے۔ پی ٹی آئی کے مقامی قائدین و سابق ایم پی ایز مختلف موبائل ٹاورز کے ذریعے پرتشدد کارکنان کے ساتھ رابطے میں تھے۔ رپورٹ میں سابق ایم پی اے فضل الہی،ملک واجد، پیرفداء محمد کا نام شامل ہے۔
سابق ضلعی ناظم عاصم خان کا نام بھی جیوفنسنگ رپورٹ میں درج ہے۔ پی ٹی آئی مقامی قائدین میں مینا خان آفریدی عبدالواجد، ہدایت خلیل، فرید گل اوردیگر شامل ہیں. سی سی پی او کے مطابق پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہرین پر مقدمات درج ہیں اطلاع ملنے پر نامزد ملزمان کو گرفتارکرینگے۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد جہاں ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے کئے گئے وہیں خیبرپختونخوا اور پنجاب میں سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
پشاور میں مشتعل افراد کی جانب سے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا گیا جنہوں نے توڑ پھوڑ کے بعد بلڈنگ کو آگ لگادی۔ تقریباً 1200 سے 1300 افراد نے قلعہ بالاحصار پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوئے۔