گلگت بلتستان: برفانی تودہ گرنے سے خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق
گلگت بلتستان کے ضلع استور کے علاقے شونٹر کی حدود میں برفانی تودہ گرنے سے تین خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کے روز شدید بارشوں کے باعث استور تحصیل شونٹر کی حدود میں برفانی تودہ گرا۔ برفانی تودہ گرنے سے کشمیر سے تعلق رکھنے والا خاندان زد میں آیا جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق برفانی تودے میں دبے افراد میں چار سالہ کمسن بچی مہربان، چار خواتین شگفتہ ،پروین دختران بابو، خاتون دختر منشی، ملیکہ بی بی زوجہ سلمان مردوں میں بابو،حمید شبیر اور نورانی شامل ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دشوار گزار اور آبادی سے دور ہونے کے باعث جائے حادثہ تک رسائی اور فوری امداد میں دشواریوں کا سامنا ہے تاہم پولیس انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو کے امدادی ٹیمیں بھجوا دی گئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق آزاد کشمیر سے سالانہ خانہ بدوشوں کی بڑی تعداد مال مویشی چرانے کے لیے گلگت بلتستان کا رخ کرتی ہے جو جون میں گلگت بلتستان آتے ہیں اور نومبر میں برف باری پر واپس چلے جاتے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔