سیاست

نو مئی واقعات: عمران خان نے چیف جسٹس کی سربراہی میں تحقیقات کرنے کا مطالبہ کر دیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نو مئی کو ہونے والی ہنگامہ آرائی کی چیف جسٹس آف پاکستان کے تحت انکوائری کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ضمانت پر رہائی کے بعد اپنے ویڈیو خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جو لوگ الیکشن چاہتے ہیں وہ انتشار نہیں چاہتے۔ انتشار صرف وہ لوگ چاہتے ہیں جو الیکشن سے فرار چاہتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ نو مئی کو خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی رہنماؤں شوکت یوسفزئی اور شاہ فرمان نے لوگوں کو توڑ پھوڑ سے روکنے کی کوشش کی تو لوگوں نے اُن کے گریبان پکڑ لیے۔ پتا چلایا جائے کہ وہ کون لوگ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا گیا کہ عام لوگوں کے علاوہ کچھ عجیب و غریب لوگ بھی دیکھے گئے جو لوگوں کو اشتعال دلا رہے تھے اور کینٹ کے علاقوں میں جانے پر اصرار کر رہے تھے۔ سابق وزیرِ اعظم کے بقول وہ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں پر گولی چلانے اور ریاستی عمارتوں کو جلانے کی تحقیقات ہوں اور یہ تحقیقات حکومت نہ کرے بلکہ چیف جسٹس کریں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے فوج کو برا بھلا نہیں کہا بلکہ آرمی چیف کے ایکشن کی وجہ سے فوج کو برا بھلا کہا گیا ہے۔

القادر ٹرسٹ کیس پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ اس لیے بنایا جاتا ہے تاکہ خیراتی کام کیا جائے۔ بشریٰ بیگم کو اس لیے ٹرسٹی بنایا کیوں کہ وہ سیرتِ نبی کو سمجھتی ہیں جبکہ القادر ٹرسٹ کے تحت یونیورسٹی بنانے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ نئی لیڈر شپ سامنے آ سکے۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ٹرسٹیز کو نہ تو کوئی تنخواہ ملتی ہے اور نہ ہی وہ کوئی مراعات حاصل کر سکتا ہے۔

چیئرمین نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنے ہینڈلرز کے کہنے پر چیئرمین نیب نے ایک بے بنیاد اور مضحکہ خیز کیس بنایا۔

سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے موجودہ حکومت کے غیر قانونی احکامات ماننے سے انکار کرتے ہوئے مستعفی ہونے کو ترجیح دی۔

خیال رہے کہ نیب نے عمران خان کی گرفتاری کو آئین اور قانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم کو وارنٹ گرفتاری دکھائے گئے اور پھر حراست میں لیا گیا۔

دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق ہفتے کو پشاور کور کمانڈر ہاؤس کے دورے کے موقع پر آرمی چیف سید عاصم منیر نے نو مئی کے واقعات میں ملوث منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعلان کیا۔

آٗئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ دشمن عناصر مسلح افواج کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔ ملک میں امن و استحکام کے یے کوششیں جاری رکھیں گے۔ نو مئی کے واقعات کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے الزام لگایا کہ نو مئی کے واقعات میں پاکستان تحریک انصاف کے مسلح جتھے ملوث تھے جنہیں عمران خان گزشتہ ایک برس سے اسی دن کے لیے تیار کر رہے تھے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے شر پسند افراد کا ایک گینگ بنایا جس کا حکومت پوری طرح محاسبہ کرے گی۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button