پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتار
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کو گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری ہے، علی زیدی اور عمر سرفراز چیمہ کے بعد اسد عمر کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، اسد عمر کو پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتار کیا۔
اسلام آباد پولیس پولیس نے اسد عمر کو ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا اور نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئی، انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے اہلکار بھی پولیس کے ہمراہ تھے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، وکیل خواجہ حارث اور بابراعوان بھی موجود ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست لے کر آئے تھے جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
اسد عمر یہ درخواست کمرہ عدالت کی طرف لے کر گئے تھے اور اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے قریب لائبریری سے باہر نکلنے پر اسلام آباد پولیس کے اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ نے انکو کو گرفتار کرلیا۔ اس دوران تحریک انصاف کے وکلاء اور پولیس میں دھکم پیل بھی ہوئی تاہم پولیس اسد عمر کو گرفتار کرکے لے گئی۔
کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس، رینجرز، ایف سی کی بھاری نفری عدالت کے اطراف تعینات کی گئی ہے، جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کردیئے گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے اب تک تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔