لائف سٹائل
طورخم حادثے میں اموات کی تعداد 7 ہوگئی، پہاڑی سے مزید پتھر گرنا شروع
طورخم میں پہاڑی تودہ گرنے سے سے ملبے تلے دبے مزید 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر نے بھی ملبے تلے دبے مزید دو افراد کی لاشیں نکالے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سے جاں بحق تمام 7 افراد کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ادھر ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ طورخم میں ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑ سے بڑے پتھر گرنا شروع ہو گئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جاری ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے، پہاڑ کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاک افغان سرحد طورخم پر گزشتہ دنوں رات کے وقت وہاں کھڑے متعدد کنٹینرز پر مٹی کا تودہ گرا تھا جس کے باعث کنٹینرز پر آگ لگ گئی جسکی وجہ سے کافی نقصان ہوچکا ہے۔ مٹی تودہ گرنے سے جہاں کئی افراد ملبے تلے دب گئے تھے تو اسی طرح متعدد کنٹینرز بھی ملبے تلے دب گئے تھے۔ ساتھ ساتھ پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک میں بھی خلل پڑ گئی تھی تاہم ریسکیو 1122 اور فورسز کی امدادی ٹیموں کی کاوشوں سے طورخم بارڈر پر پھنسے تجارتی قافلوں کیلئے ایک طرف کا راستہ کھولا جا چکا ہے۔
دوسری جانب متاثرین انتظامیہ پر تنقید بھی کر رہی ہے کہ ریسکیو اپریشن میں سست روی سے کام لیا جا رہا ہے اور بڑی مشینری ابھی تک جائے وقوعہ پر نہیں پہنچائی جا سکی ہے۔