طورخم میں لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں کنٹینرز پھنس گئے، کئی ہلاکتوں کا خدشہ
پاک – افغان طورخم بارڈر پر بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے سبب پہاڑی تودہ گرنے سے کم از کم 20 ٹرک دب گئے ہیں جس کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے پھنسنے کا خدشہ ہے۔
ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان نے خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ 20 سے 25 کنٹینرز ملبے میں دبے ہوئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے سبب 2 افغان شہری ہلاک ہو گئے ہیں، حکام ان کی لاشوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ضلع خیبر کے ترجمان مقصود عالم کا کہنا ہے کہ ابھی تک 8 زخمیوں کو لنڈی کوتل ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم کو رات تقریباؑ 2 بجے لینڈ سلائڈنگ کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فورا رسپانس دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملبے تلے اب بھی 20 سے 30 تک کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ ملبہ بھی بڑے پیمانے پر پھیلا ہوا ہے اور ریسکیو اپریشن میں 100 تک اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرچ اور ریکوری اپریشن میں ایمبولینسز، فائر وہیکلز، ریکوری وہیکلز اور ہیوی ایکسیویٹر سمیت 16 تک وہیکلز شریک ہیں۔
واقعہ کے بعد آگ پھیلنے کے حوالے سے عیینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ کنٹینرز وہاں پر کھڑے تھے اور ڈرائیورز اور کلینرز اپنے کے لئے سحری تیار کر رہے تھے اور عین ممکن ہے کہ آگ اسی وجہ سے لگی ہو۔
ضلع خیبر کے انتظامیہ کے مطابق واقعہ میں ابھی تک دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور دونوں کا تعلق افغانستان سے ہے۔
دوسری جانب ریسکیو اپریشن میں حصہ لینے کے لئے افغانستان سے بھی ہیوی مشینری پہنچ چکی ہے۔