مردان میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک
عبدالستار
مردان کے معروف تجارتی مرکز بنک روڈ میں مسلح ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار شخص سے پیسے چھینے کی کوشش کی جس کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے کارروائی کرکے ایک ڈاکو کو فائرنگ کرکے ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی کرکے گرفتار کر لیا۔
ڈی اپس پی سٹی پولیس انعام جان کے مطابق مردان کے نواحی علاقہ بابینی کے رہائشی وقار علی 13 لاکھ 99 ہزار روپے بینک روڈ پر موجود یونائیٹڈ بینک میں جمع کرنے کی غرض سے لے جار رہے تھے کہ اس دوران دو ڈاکوؤں عبداللہ عرف امیر اور یوسف نے گن پوائنٹ پر ان پر حملہ کردیا تاہم وہاں پر سفید کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار ڈاکوؤں پر حملہ آور ہوگئے جس پر ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی گئی۔
ڈی ایس پی کے بقول پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو عبداللہ عرف امیر ہلاک جبکہ ساتھی یوسف زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان منتقل کیا گیا جبکہ زخمی ڈاکوؤں کو پولیس نے گرفتار کرکے طبی امداد دینے کے لئے بھی ہسپتال لے جایا گیا۔
ڈی ایس پی انعام جان نے بتایا کہ ہلاک شدہ ڈاکو ضلع مردان پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھے جبکہ اس کے علاوہ صوابی اور نوشہرہ کے پولیس کو بھی مقدمات میں مطلوب تھے گرفتار ڈاکو سے مزید تفتیش کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ تربیت یافتہ ڈاکوؤں تھے اور گزشتہ ہفتے پاکستان چوک اور شہیدان بازار میں بھی اسی گروپ نے لاکھوں روپوں چھینے تھے جبکہ تھانہ جبر میں بھی سولہ لاکھ روپے کی ڈکیتی میں بھی یہی ڈاکوؤں ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں اس سے پہلے بھی رہزنی اور چوری کی وارداتوں کی شکایات ملی تھی جس پر سٹی پولیس نے سٹی کے مختلف بازاروں میں ناکہ بندیاں اور سفید کپڑوں میں ملبوس پولیس تعیات کردئیے ہیں۔
ڈی ایس پی سٹی نے بتایا کہ مردان کے زنانہ شاپنگ بازار گجو خان میں زنانہ پولیس کانسٹیبل تعینات کئے گئے ہیں جبکہ بازار کے دونوں سروں پر مرد پولیس ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔
دوسری جانب مردان پولیس نے ایک اور کارروائی میں پولیس کو دہشت گردی و قتل کے مختلف مقدمات میں مطلوب دہشت گرد ارشاد کو گرفتار کردیا جس کی سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی ۔
مردان پولیس ریجن کے ار پی او محمد علی گنڈا پور کے بیان کےمطابق تھانہ کاٹلنگ پولیس کی ناکہ بندی مین کاٹلنگ روڈ فرش کے مقام پر مشتبہ تیز رفتار کو روکنے پر مشکوک شحص نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جبکہ جوابی کارروائی میں مشکوک سخص کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا گرفتار شخص کی شناخت ارشاد کے نام سے ہوئی جو سی ٹی ڈی پولیس کو دہشت گردی، قتل و اقدام قتل کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ ملزم کی سر کی قیمت حکومت طرف سے 50 لاکھ مقرر کی گئی تھی۔
پولیس کے بقول گرفتار دہشت گرد سے قبضے سے دو ہینڈگرینڈ، ایک عدد نائن ایم ایم پستول اور متعدد کارتوس برآمد کئے گئے۔