سیاست

خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات التوا کیس: الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار

سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ نے دونوں صوبوں میں پرانے شیڈول میں معمولی رد و بدل کرکے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کا حکم جاری کر دیا۔

دوںوں صوبوں میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ گزشتہ روز محفوظ کر لیا گیا تھا جسے آج سنایا گیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کا شیڈول آگے کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے اور پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول بحال کردیا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن سے اگے نہیں جاسکتا، الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلے سے 13 دن ضائع ہوئے۔

سپریم کورٹ نے الیکشن پروگرام 13 دن آگے کرنے اور الیکشن کمیشن کو الیکشن ٹریبونلز سے دوبارہ کاروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لئے بھی 15 مئی سے پہلے تاریخ کے تقرر کا حکم جاری کیا۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا ہےکہ پنجاب میں انتخابات شفاف، غیرجانبدارانہ اور قانون کے مطابق کرائے جائیں، وفاقی حکومت 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپےکا فنڈ جاری کرے، الیکشن کمیشن 11 اپریل کو سپریم کورٹ میں فنڈ مہیا کرنےکی رپورٹ جمع کرائے، الیکشن کمیشن فنڈ کی رپورٹ بینچ ممبران کو چیمبر میں جمع کرائے، فنڈ نہ ملنےکی صورت میں سپریم کورٹ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرےگا۔

فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کے پی میں انتخابات کے لیےگورنر کی طرف سے عدالت میں نمائندگی نہیں کی گئی، کے پی کی حد تک معاملہ زیر سماعت رہےگا،کے پی میں انتخابات کے لیےگورنرکی طرف سے عدالت میں نمائندگی نہیں کی گئی، کے پی میں الیکشن کی تاریخ کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے، کے پی میں انتخابات کے لیے درخواست گزار عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر پنجاب اور کےپی کے انتخابات میں تاخیر کے مقدمے کا فیصلہ 6 سماعتوں کے بعد گزشتہ روز محفوظ کیا تھا۔

جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال خان مندوخیل کے 5 رکنی بینچ سے علیحدہ ہونے کے بعد چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے گزشتہ روز دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عدالت نے سیکریٹری دفاع حمود الزمان اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ عامر محمود کو پنجاب میں انتخابات کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی ہدایت کی تھی۔

آج اہم فیصلہ سنائے جانے سے قبل وزارتِ دفاع نے سیکیورٹی اہلکاروں کی دستیابی سے متعلق سربمہر رپورٹ چیف جسٹس کو چیمبر میں پیش کی جہاں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منیب اختر، جسٹس اعجاز الاحسن نے رپورٹ کا جائزہ لیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button