سیاست

پی ٹی آئی کے 10 سالہ دور حکومت کے پانچ بڑے کارنامے

انور خان

پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں 9 سال سے زائد عرصہ تک برسراقتدار رہنے کے بعد حال ہی میں رخصت ہو گئی۔ تمام تر کمزوریوں اور کوتاہیوں کے باوجود ان نو سالوں میں پی ٹی آئی حکومت نے ایسے کونسے بڑے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے جن سے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں عام شہری مسفید ہو رہے ہیں؟ اس سٹوری میں ہم آپ کو ان منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے بتا رہے ہیں۔

بلین ٹری سونامی( بلین ٹریز اے فارسٹیشن پراجیکٹ)

2013 میں پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں پہلی مرتبہ برسراقتدار آئی۔ حکومت کے دوسرے سال 2014 میں پارٹی کے چیئرمین عمران خان نے صوبے میں گرین ایریا بڑھانے کے خاطر بلین ٹری سونامی منصوبہ لانچ کیا، دس لاکھ درخت لگانے کیلئے حکومت نے ایک ارب 91 کروڑ سے زائد رقم مختص کی، مقررہ وقت میں یہ منصوبہ مکمل کرنے پر ماحولیات پر کام کرنے والے کئی بین الاقوامی اداروں اور تنظیوں نے پی ٹی آئی حکومت کو سراہا۔ اس منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا میں 3 لاکھ 50 ہزار ایکڑ بنجر زمین پر درخت لگائے گئے۔

صحت کارڈ

شہریوں کو مفت علاج فراہم کرنے کیلئے اگست 2020 میں پاکستان تحریک انصاف نے صحت انصاف کارڈ منصوبہ شروع کیا۔ اس منصوبے کے تحت صوبے کے ہر شہری کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، ہر خاندان کیلئے سالانہ 10 لاکھ روپے مختص کئے گئے۔ اس سے پہلے صرف تین فیصد آبادی کو یہ سہولت مہیا تھی۔

منصوبے میں دو لاکھ روپے بنیادی، چار لاکھ ایڈوانس علاج جبکہ چار لاکھ بڑے آپریشنز کیلئے استعمال کئے جا سکتے ہیں۔
بنیادی صحت میں ایمرجنسی، جس کیلئے ہسپتال میں داخل ہونا ضروری ہو، زچگی، جنرل سرجریز، شوگر اور دیگر امراض شامل ہیں۔

ایڈوانس علاج کے چار لاکھ میں گردوں اور دل کی بیماریوں کے علاج، انجیو پلاسٹی اور اوپن ہارٹ سرجری سمیت نیورو سرجریز کی جا سکتی ہیں۔ یہ علاج خیبر پختونخوا کے شہری صحت کارڈ لسٹ میں شامل کسی بھی ہسپتال سے کر سکتے ہیں۔ باقی چار لاکھ ٹرانسپلانٹ اور کینسر کے علاج کیلئے مختص ہیں۔

تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق اس منصوبے سے اب تک 48 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوئے ہیں۔ سابق خیبر پختونخوا حکومت نے یونیورسل ہیلتھ ایکٹ اسمبلی سے پاس کر کے اس منصوبے کو قانونی تحفظ بھی دیا ہے۔

پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی)

خیبر پختونخوا میں امراض قلب کے پہلے سپیشلائزڈ ہسپتال کا افتتاح 16دسمبر 2020 کو ہوا۔ اب تک 71 ہزار مریضوں کا او پی ڈی میں معائنہ کیا گیا، امراض قلب کے 1800 تک مریضوں کے آپریشن کئے گئے، 11 ہزار سے زائد مریضوں کی انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی گئی ہے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

بی آر ٹی

بی آر ٹی پاکستان تحریک انصاف کا ٹرانسپورٹ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ 70 ارب کی لاگت سے مکمل کئے گئے اس منصوبے سے گزشتہ دو سال میں دس کروڑ سے زائد مسافر مستفید ہوئے۔ بی آر ٹی میں روزانہ کی بنیاد پر مسافروں کی تعداد 2 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئی ہے جن میں تقریباً 70 ہزار خواتین بھی شامل ہیں۔ زو پشاور نے تقریباً 3000 لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے۔ بی آر ٹی سسٹم میں اس وقت 158 چھوٹی بڑی بسیں فعال ہیں جن کی تعداد اگلے چند دنوں میں بڑھ کر 220 ہو جائے گی۔

سوات ایکسپریس وے

سوات ایکسپریس وے بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا پروجیکٹ ہے جس سے نہ صرف سوات بلکہ پورے ملاکنڈ ڈویژن اور مردان کے کئی علاقوں تک سفر میں آسانی پیدا ہوئی۔ دیر اور سوات آنے والے سیاحوں کیلئے یہ ایکسپریس وے ایک بہت بڑی سہولت ہے۔ اس سے سوات اور اسلام اباد کے درمیان فاصلہ کافی کم ہوا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button