سوات میں ایک خواجہ سراء قتل، ایک زخمی
سوات میں نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے ایک خواجہ سرا کو قتل کر دیا، فائرنگ سے ساتھی خواجہ سرا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق سوات کے شہر مینگورہ کے تاج چوک میں یہ واقعہ پیش آیا جس میں ایک خواجہ سرا جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا، وقوعہ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب، جبکہ زخمی خواجہ سرا کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول خواجہ سرا کا تعلق کراچی اور زخمی کا مردان سے ہے، فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ 12 فروری کو کوہاٹ میں ایک خواجہ سراء اپنے سگے بھائی کے ہاتھوں قتل ہوا تھا، جبکہ فائرنگ سے اس کے دو ساتھی خواجہ سراء بھی زخمی ہو گئے تھے۔
زرائع کے مطابق نصرت خیل کوہاٹ کا رہائشی طارق سلیم خواجہ سراء بن گیا تھا اور ناچ گانے کیلئے دیگر خواجہ سراؤں کے ساتھ تیراہ بازار کوہاٹ میں رہائش پذیر تھا، وہ پروگراموں میں ناچتا تھا جبکہ لوگ اس کے چھوٹے بھائی کو طعنے دیتے تھے جس سے تنگ آ کر چھوٹے بھائی آصف سلیم نے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔