نوشہرہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی، دو مبینہ شدت پسند مارے گئے
نوشہرہ: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) مردان ریجن نے نوشہرہ میں ایک اہم کارروائی کے دوران دو مبینہ شدت پسندوں کو مارنے کا دعوی کر دیا۔
پولیس زرائع کے مطابق مصری بانڈہ میں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا تاہم مذکورہ علاقہ میں آپریشن ٹیم کے پہنچتے ہی مخالف سمت سے جوانوں پر ہینڈ گرینڈ سے حملہ اور فائرنگ کی گئی جس پر آپریشن ٹیم نے جوابی کارروائی کی۔
زرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ میں کالعدم تنظیم کے 2 جنگجو مارے گئے جبکہ دو سے تین جنگجو تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، جبکہ ہینڈ گرینڈ اور فائرنگ سے آپریشن ٹیم کے جوان محفوظ رہے تاہم سرکاری گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت محمد ذیشان عرف عثمان اور سلمان عرف اماراتی سے ہوئی، دونوں دہشت گرد سی ٹی ڈی کو ضلع مردان اور چارسدہ میں دہشتگردی کے متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، مارے گئے دہشت گرد پولیس پر ہینڈ گرنیڈ حملوں اور بھتہ خوری سمیت دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں شامل جبکہ چارسدہ میں کانسٹیبل بلال، کانسٹیبل مزمل شاہ اور علاقہ تنگی چارسدہ میں کانسٹیبل زرمست کو شہید کرنے میں بھی ملوث تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 عدد پستول، 1 ہیڈ گرنیڈ اور ایک عدد موٹرسائیکل برآمد کی گئی اور دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم TTP سے ہے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی اور مقامی پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے اور فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ محمد عمر گنڈاپور نے رسالپور اور مصری بانڈے کے علاقوں میں سی ٹی ڈی کے کامیاب آپریشن کی تصدیق کی ہے۔