”گورنمنٹ ڈگری کالج کوہی شیر حیدر باڑہ مسائلستان بنا ہوا ہے”
باڑہ: ”پچھلے چار سالوں سے ہر دفتر کا چکر لگایا ہے لیکن ہمارے کالج کے مسائل حل نہ ہو سکے، کالج کا پرنسپل نہیں ہے، گورنمنٹ ڈگری کالج کوہی شیر حیدر باڑہ مسائلستان بنا ہوا ہے”، ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ ڈگری کالج کوہی شیر حیدر باڑہ کے طلبہ نے باڑہ پریس کلب کے باہر احتجاج کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے جبکہ طلبہ نے سابقہ ایم این اے، ایم پی اے اور سینیٹر کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کے صدر عبدالحمید آفریدی اور مقیب اللہ آفریدی نے کہا کہ تحصیل باڑہ کے سابقہ منتخب نمائندگان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز سمیت دیگر اعلی حکام کی توجہ بار بار کالج ہذا کے مسائل کی جانب مبذول کرائی لیکن تاحال کوئی ایک مسئلہ بھی حل نہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سالوں سے کالج کے پرنسپل کی کرسی خالی پڑی ہے، کئی مضامین کے لیکچرارز موجود نہیں، لیبارٹری نہیں، ٹرانسپورٹ نہیں العرض گورنمنٹ ڈگری کالج تمام تر سہولیات سے محروم ہے۔
انہوں نے تمام متعلقہ حکام اور اداروں سے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر جلد از جلد ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو شدید احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔