21 نومبر تک تمام دفاتر بند، کیا ٹوئٹر کا آخری وقت آن پہنچا؟
محمد فہیم
دنیا بھر میں بھونچال لانے والی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے غیریقینی مستقبل نے دنیا بھر کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا ہے؛ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے 21 نومبر تک تمام دفاتر بند کر کے ملازمین کو گھر بھیج دیا ہے جبکہ ٹوئٹر پر ٹوئٹر کے ختم اور بند ہونے کے دنیا بھر میں ٹاپ ٹرینڈز بن گئے ہیں۔
برطانوی نشتریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ایلون مسک نے تمام ملازمین کو گھر بھیج دیا ہے، اور ٹوئٹر کے تمام دفاتر کو 21 نومبر تک بند کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے، ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ذومعنی ٹوئیٹس کی ہیں اور ٹوئٹر کی قبر بھی دکھا دی ہے، انہوں نے ٹوئیٹس کی ہیں کہ تاریخ میں ٹوئٹر کا استعمال اس وقت سب سے زیادہ ہو رہا ہے اور اسے اسی میں ڈوب جانے دو۔
ایلون مسک کے ٹوئٹر بند ہونے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی جبکہ میمز کا طوفان بھی برپا ہو گیا، ٹوئٹر کے بند ہونے کے خدشہ کے پیش نظر صحافیوں، سماجی کارکنوں، مختلف کمپنیوں اور سیاسی افراد نے فیس بک اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے لنکس شیئر کرتے ہوئے اپنے فالورز کو اس جانب مدعو کر دیا ہے۔
سابق وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ایلون مسک سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ انہیں مزید مشکل میں نہ ڈالیں کیونکہ ٹوئٹر کے بغیر دنیا کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔
ٹوئٹر پر صارفین ایلون مسک کو برا بھلا کہتے ہوئے دیکھے جا رہے ہیں جبکہ ٹوئٹر کی موجودہ حالت بھی زیربحث ہے۔ ایلون مسک نے چند روز قبل ہی تمام کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کر دیا تھا جبکہ اعلیٰ عہدوں پر موجود بھارتی ملازمین سمیت متعدد ملازمین کو بھی فارغ کر دیا تھا جن میں ایک خاتون ملازم کو لائیو پوڈ کاسٹ کے دوران ہی نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔
فیس بک اور انسٹا گرام سے دور جانے والے صارفین کی واپسی شروع ہو گئی جبکہ ”لنکڈ اِن” اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی ٹوئٹر کی بندش کے ڈر نے صارفین کو واپس لوٹا دیا ہے۔ ٹوئٹر پر متبادل کے طور پر صارفین نے مسٹوڈن پر اکاﺅنٹ بنانا شروع کر دیئے ہیں۔
ٹوئٹر کا آخری دن، ٹوئٹر مرحوم، خدا حافظ ٹوئٹر اور ٹوئٹر بند کے ٹاپ ٹرینڈز نے صارفین کو متبادل کی تلاش پر مجبور کر دیا ہے۔ ٹوئٹر کے انہی ٹاپ ٹرینڈز پر دیکھا جائے تو صارفین ایک جانب ٹوئٹر کی مبینہ بندش پر افسوس کرتے نظر آ رہے ہیں تو دوسری جانب متبادل پلیٹ فارم کا بھی ذکر کر رہے ہیں۔
وہ صارفین جو فیس بک اور دیگر پلیٹ فارم سے اکتا کرٹوئٹر پر آ گئے تھے انہوں نے دوبارہ سے اپنے دیگر پلیٹ فارم کے لنک شیئر کرتے ہوئے فالورز کو وہاں آنے کی دعوت دی ہے؛ انسٹا فرام، ”لنکڈ اِن” اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے لنک سمیت کئی صارفین ٹوئٹر کے متبادل کے طور پر مسٹوڈن کو بھی پیش کر رہے ہیں جبکہ مسٹوڈن پر صارفین کی تعداد بڑھ رہی ہے، کئی امریکی جریدوں نے مسٹوڈن سے متعلق لکھا ہے کہ شاید یہ ٹوئٹر کا متبادل نہیں تاہم یہ ایلون مسک سے آزاد پلیٹ فارم ہو گا۔