ماحول۔۔ جنگ کا غیراعلانیہ شکار
حمیرا علیم
اگرچہ انسانیت نے ہمیشہ اپنی جنگی ہلاکتوں کو ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں اور شہریوں، تباہ شدہ شہروں اور معاش کے لحاظ سے شمار کیا ہے لیکن ماحول اکثر جنگ کا غیراعلانیہ شکار رہا ہے؛ پانی کے کنویں آلودہ ہو چکے ہیں، فصلوں کو نذر آتش کر دیا گیا ہے، جنگلات کاٹ دیے گئے ہیں، مٹی کو زہر آلود کر دیا گیا ہے اور جانور مارے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (UNEP) کی رپورٹ کے مطابق پچھلے 60 سالوں میں تمام داخلی تنازعات میں سے کم از کم 40 فیصد قدرتی وسائل کے استحصال سے جڑے ہوئے ہیں چاہے وہ اعلیٰ قیمت کے وسائل جیسے لکڑی، ہیرے، سونا اور تیل یا قلیل وسائل جیسے زرخیز زمین اور پانی ہو۔ قدرتی وسائل سے جڑے تنازعات کے دوبارہ ہونے کا امکان بھی دو گنا پایا گیا ہے۔
اقوام متحدہ اس بات کو یقینی بنانے کو بہت اہمیت دیتی ہے کہ ماحولیات پر کارروائی تنازعات کی روک تھام، امن قائم کرنے اور قیام امن کی حکمت عملی کا حصہ ہے کیونکہ اگر قدرتی وسائل، جو کہ معاش اور ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھتے ہیں، تباہ ہو جائیں تو کوئی پائیدار امن نہیں ہو سکتا۔
زمین کو زندہ رہنے کے لیے امن کی ضرورت ہے۔ یہ جنگوں، آلودگی، قدرتی آفات اور ہر زاویے پر لاگو ہوتا ہے۔ جب امن اور ہم آہنگی برقرار رہے گی تو معاملات بغیر کسی تاخیر کے آسانی سے چلتے رہیں گے۔ یہ بہت سے لوگوں کے لیے ایک نجات دہندہ ثابت ہو سکتا ہے جو کسی بھی خلل ڈالنے والی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہونا چاہتے ہیں۔
ماحولیات کو تمام جاندار اور غیرجاندار عناصر اور ان کے اثرات، جو انسانی زندگی پر اثرانداز ہوتے ہیں، کے مجموعے کے طور پر بیان کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ تمام جاندار یا حیاتیاتی عناصر جانور، پودے، جنگلات، ماہی گیری اور پرندے ہیں، غیرجاندار یا اے بائیوٹک عناصر میں پانی، زمین، سورج کی روشنی، چٹانیں اور ہوا شامل ہیں۔
کچھ انسانی سرگرمیاں جو عالمی سطح پر ماحول کو براہ راست یا بالواسطہ نقصان پہنچاتی ہیں ان میں آبادی میں اضافہ، وسائل کا ضرورت سے زیادہ استعمال، زیادہ استحصال، آلودگی اور جنگلات کی کٹائی شامل ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی وسائل کی کمی کی بڑی وجہ ہے۔ عظیم صنعتی ترقی، سبز انقلاب، نقل و حمل کی توسیع، شہروں کی تیزرفتار ترقی اور قدرتی وسائل کے حادثاتی انتظام نے ماحولیاتی توازن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
عام طور پر امن کو دو اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے: اندرونی امن اور بیرونی امن؛ اندرونی امن کے لیے اپنے آپ سے عدم تشدد کا عہد کریں۔ جب آپ کسی کو مصیبت میں دیکھتے ہیں چاہے وہ گم ہو، الجھن میں ہو، پریشان ہو یا گر گیا ہو تو اس کی مدد کریں۔ گہرے سانس لینے کے ذریعے پرسکون ہونا سیکھیں۔ جانوروں کے ساتھ مہربانی سے پیش آئیں۔ کمزور لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کریں، بے گھر افراد، جسمانی یا علمی معذوری کے حامل افراد، بوڑھے افراد سے حسن سلوک کریں۔ تعصب اور امتیاز کے خلاف بات کریں۔
جب آپ کو غصہ محسوس ہو تو کچھ کہنے سے پہلے دس تک گنیں۔ پھر اپنے آپ سے پوچھیں کہ زیادہ سے زیادہ بھلائی کے لیے کون سا ردعمل بہترین ہو گا۔ جب آپ کو احساس ہو کہ یہ دوسرے شخص کے بارے میں تھا تو اپنے دل میں اس شخص کے لیے کچھ ہمدردی پیدا کریں، یہ سوچیں کہ وہ یقیناً کسی مشکل میں ہے۔
ان لوگوں سے ہمدردی کریں جو آپ کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔ پرامن کمیونٹیز کے لیے رضاکارانہ طور پر کام کریں۔ ایسے کریئر کا انتخاب کریں جو ہمارے خاندانوں، ہماری برادریوں اور ہمارے سیارے کے لیے صرف اچھا ہو۔ لوگوں سے مسکرا کر ملیں۔ ذہنی صحت کی ابتدائی طبی امداد کی تربیت حاصل کریں۔ کمیٹیز اور ٹاسک فورسز پر کام کریں جو آپ کے محلوں، اسکولوں اور کام کی جگہوں کو محفوظ بنانے کے لیے کام کرتی ہیں۔
دوسری قسم ہے بیرونی امن، اس کے لیے سیاسی ماہرین اور بین الاقوامی تعلقات کے ماہرین نے جنگ کو روکنے کے لیے جو معمول کی حکمت عملی تجویز کی ہے ان میں اسلحہ پر کنٹرول اور سفارت کاری شامل ہیں۔ ہتھیاروں کے کنٹرول اور سفارت کاری کے نقطہ نظر اپنی حقیقی اور ممکنہ تاثیر میں مختلف ہوتے ہیں۔ اشیاء کو ری سائیکل کریں۔ ایسی اشیاء کا استعمال ترک کریں جو ماحول کو خراب کرتی ہیں۔ رضاکارانہ طور پر اپنے علاقے کی صفائی کریں۔ قدرتی وسائل کی اہمیت اور قدر کو سمجھنے میں دوسروں کی مدد کریں۔ پانی کو محفوظ کریں۔ آپ جتنا کم پانی استعمال کریں گے اتنا ہی کم گندا پانی سمندر میں جائے گا۔
سمجھداری سے خریداری کریں۔ کم پلاسٹک خریدیں اور دوبارہ قابل استعمال شاپنگ بیگ لائیں۔ دیرپا لائٹ بلب استعمال کریں۔ توانائی سے چلنے والے لائٹ بلب گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرتے ہیں۔ جب آپ کمرے سے باہر نکلیں تو لائٹ کا سوئچ آف کر دیں۔ پودے لگائیں، درخت نہ صرف خوراک فراہم کرتے ہیں بلکہ ہوا کو بھی صاف رکھتے ہیں اور زمینی کٹاو سے بچاتے ہیں۔ آبی راستوں سے کیمیکل نہ بھیجیں۔ گھر اور دفتر میں صفائی کے لیے غیرزہریلے کیمیکلز کا انتخاب کریں۔
جنگی علاقوں میں زمین فوجی گاڑیوں کے تیل اور گولہ بارود سے خارج ہونے والے یورینیم سے آلودہ ہو چکی ہے۔ ان ممالک میں قدرتی وسائل کے انحطاط اور جنگلات کی بنیادی تباہی کے ساتھ ساتھ جانوروں اور پرندوں کی آبادی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
صنعتی اور تکنیکی ترقی؛ مسلح تصادم اکثر بنیادی ڈھانچے کی تباہی کا باعث بنتا ہے۔ سماجی، سیاسی اور معاشی اداروں کو مستقل طور پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ترقی کے لیے جنگ بالخصوص خانہ جنگی کے نتائج بہت گہرے ہوتے ہیں، اگر ہم جنگوں سے بچیں گے تو ہی زندہ رہیں گے۔ انسان یہ کیوں بھول جاتا ہے کہ دشمن کو تباہ کرنے کے لیے اگر وہ بم استعمال کرتا ہے تو اس کا اثر صرف دشمن پر ہی نہیں ہو گا بلکہ اس کا اثر خود اس پر اور دیگر معصوم لوگوں پر بھی ہوتا ہے۔ اس کی بہترین مثال روس اور یوکرین کی جنگ ہے۔ یہ جنگ ہے تو دو ممالک کے درمیان مگر اس کی وجہ سے دنیا بھر میں اشیائے خوردونوش اور گیس بجلی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی بڑھ گئی ہے۔
اسلحے کے استعمال سے قدرتی وسائل تباہ ہو رہےہیں۔ افغانستان پر امریکی حملوں نے پہاڑ تک ریزہ ریزہ کر دیئے۔ اس کا اثر صرف افغانستان کے ماحول پر ہی نہیں ہوا بلکہ آلودہ ہوائیں پاکستان کے ماحول کو بھی خراب کرنے کا باعث بنیں۔ ہوا میں مٹی ایسے ہوتی ہے جیسے گرد کا طوفان ہو۔ اس مٹی کی وجہ سے خشک سالی بڑھ گئی ہے۔ نباتات مر رہی ہیں۔بلوچستان جو کبھی پھلوں کی سرزمین تھا اب یہاں پانی کی اتنی قلت ہو چکی ہے کہ باغ اجڑ چکے ہیں۔
اگر ایک ملک اپنے دشمن ملک پر ایٹمی حملہ کرتا ہے تو اس کے نتائج اسے خود بھی بھگتنے پڑتے ہیں۔ اوزون کی تباہی، گلئشیرز کا پگھلنا، سیلاب، زلزلے اور وبائیں ان سب آفات کا سامنا دنیا کو عالمی سطح پر کرنا پڑتا ہے۔ پاکستان کا گلوبل وارمنگ میں حصہ شاید ایک فیصد بھی نہیں تھا مگر اسے اس کے نتائج سب سے زیادہ سہنے پڑے۔ ہزاروں لوگ ہلاک ہوئے، لاکھوں ایکڑ زمین زیرآب آنے کی وجہ سے فصلیں، مویشی، گھر، سڑکیں، ٹرین ٹریکس اور دیگر عمارات تباہ ہو گئیں۔معیشت تباہ ہو گئی۔
اس لیے اگر ہم چاہتے ہیں کہ دنیا قابل رہائش مقام رہے تو ہمیں اندرونی و بیرونی دونوں اقسام کے امن کو نہ صرف برقرار رکھنا ہو گا بلکہ اس کی حفاظت بھی کرنی ہو گی۔