کابل میں تعلیمی ادارے میں دھماکہ، 19 افراد جاں بحق
افغان دارالحکومت کابل میں ایک تعلیمی ادارے میں خودکش حملے میں 19 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے، فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ان لوگوں میں سے بہت سے لوگ جو مغربی علاقے میں رہتے ہیں جہاں یہ دھماکہ ہوا ہے ہزارہ نسلی اقلیت ہیں، جنہیں ماضی میں شدت پسند گروپ اسلامک اسٹیٹ کے حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے کہا کہ اس حملے میں 27 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حملہ ایک تعلیمی ادارے میں ہوا جہاں داخلہ کا امتحان ہو رہا تھا۔ افغانستان میں عام طور پر جمعہ کے روز اسکول بند رہتے ہیں۔
"شہری اہداف پر حملہ کرنا دشمن کے غیر انسانی ظلم اور اخلاقی معیار کی کمی کو ثابت کرتا ہے،” انہوں نے یہ بتائے بغیر کہا کہ ان کے خیال میں اس حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔
یاد رہے اگست 2021 میں افغانستان پر قبضہ کرنے کے بعد سے، طالبان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ کئی دہائیوں کی جنگ کے بعد ملک کو محفوظ بنا رہے ہیں، لیکن حالیہ مہینوں میں مساجد اور شہری علاقوں میں سلسلہ وار دھماکے دیکھنے میں آئے ہیں۔