ٹیکس گوشوارے کیسے جمع کئے جاتے ہیں؟
خیبر پختوںخوا ریونیو اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کا بنیادی مقصد صوبے کی معیشت کو ڈاکومنٹ کرنا ہے اور اس کے لئے کیپرا نے آن لائن سسٹم بھی ترتیب دیا ہے جہاں پر اکثریتی ٹیکس فائلر اپنے گوشوارے جمع کراتے ہیں۔
مگر ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا طریقہ کیا ہے، اس حوالے سے کیپرا نے یو ایس ایڈ کے پی آر ایم کے تعاون سے ایک آگاہی مہم شروع کر رکھی ہے تاکہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ خدمات فراہم کرنے والے افراد صوبے کی ترقی میں اپنا کردار کریں۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کلیکٹر عمران احمد کا کہنا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے اثاثے ظاہر کریں کہ ہم نے سالانہ کتنا منافع کیا ہے اور کتنا خرچہ کیا ہے جبکہ اس کا مقصد اپنے اخراجات کو منظم کرنا ہے؛ ٹرانزیکشن کے دو پہلوؤں ہوتے ہیں جو سروسز دے رہے ہیں اور جو سروسز لے رہے ہیں تو ان گوشواروں سے اکانومی کی ڈاکومنٹیشن ہوتی ہے اور ہمیں پتہ ہوتا ہے کہ ہمیں کُل کتنا ٹیکس موصول ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوشوارے جمع کرنے کیلئے ہمارے آن لائن طریقے سے بھی فائدہ اُٹھایا سکتا ہے اس کے علاوہ موبائل فون کے ذریعے بھی کے پی آر اے کی ویب سائٹ پر جا کر ریٹرنز جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
عمران احمد نے کہا کہ نارمل ریٹرنز وہ ہیں جو ہر ٹیکس پیئر ہر ماہ جمع کرتا ہے تو اس میں خرید اور فروخت سے جمع ہونے والی رقم پر ٹیکس ہے اور دوسرا یہ ہے کہ کوئی یہ بتا دے کہ اس ماہ میں نے کوئی کام نہیں کیا ہوا ہے تو اسے نل ریٹرن کہتے ہیں جبکہ تیسرا یہ ہے کہ آپ نے دس ہزار روپے کی خرید کی اور اس کا ٹیکس آٹھ ہزار روپے ہے تو اس میں دو ہزار روپے جو باقی بچے ہیں اس کے بھی گوشوارے جمع کرنے ہوتے ہیں۔
انہوں نے گوشوارے جمع نہ کرنے کے حوالے سے بتایا کہ کیپرا میں ہر ماہ کی اٹھارہ تاریخ تک جمع کرنا ہے اس میں پندرہ تاریخ تک آپ پیمنٹ جمع کرائیں گے جبکہ سولہ سترہ اور اٹھارہ تاریخ تک گوشوارے جمع کرائیں گے اگر اس پر دس دن مزید تاخیر کریں تو اس پر نو ہزار روپے جرمانہ لگایا جاتا ہے۔ اگر اٹھارہ کے بعد اٹھائیس تک کسی بھی دن میں گوشوارہ جمع کیا تو فی دن تین سو روپے جرمانہ کیا جاتا ہے۔
عمران احمد نے کہا کہ اگر اٹھارہ انیس تاریخ کو ہفتہ یا اتوار آ جائے تو قانون کے مطابق اگلے ورکنگ ڈے کو آخری دن ہو گا اور اس پر آپ اپنے گوشوارے جمع کرائیں گے، اس کے علاوہ اگر کوئی شخص گوشوارے جمع کرنے کا طریقہ نہ جانتا ہو تو اسے اپنے لئے کسی وکیل کے ذریعے اپنے گوشوارے جمع کرنے ہوں گے، اس کے علاوہ وہ کیپرا کے دفتر میں مفت بھی یہ سہولت لے سکتے ہیں۔
اسسٹنٹ کلیکٹر عمران احمد نے بتایا کہ زیادہ تر لوگ آن لائن گوشوارے جمع کراتے ہیں اور وہاں پر ہمارے ٹیکس پیئر کی تعداد زیادہ ہے اور اس کے ذریعے لوگوں کا وقت بھی بچ جاتا ہے لیکن اگر کسی کو گوشوارے جمع کرنے کے طریقے نہیں آتے ہوں تو وہ کیپرا میں آ کر ہمارے فیسلیٹیشن ڈیسک سے استفادہ حاصل کر کے گوشوارے مفت میں جمع کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوشوارے پر جرمانے کے علاوہ ٹیکس پیئر کو شوکاز نوٹس دیا جاتا ہے اگر وہ جواب نہیں دیتا تو اس پر آرڈر پاس ہو جاتا ہے اور اس کے خلاف قانونی کاروائی شروع کر کے اس کا اکاؤنٹ اور کاروبار بند کیا جاتا ہے جبکہ یہاں تک کہ نان فائلر جیل تک بھی پہنچ جاتا ہے لیکن ابھی تک یہاں تک کوئی معاملہ نہیں پہنچا بلکہ لوگ اپنی رضامندی کے ساتھ ٹیکس جمع کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اگر کوئی ٹیکس گوشواروں میں غلط بیانی کرے تو پھر بھی اس پر جرمانہ لگایا جاتا ہے اور غلط بیانیوں کا ہمیں اپنی انٹیلی جنس کے ذریعے پتہ چلتا ہے اور یہ فراڈ کے زمرے میں آتا ہے جو ایک سنجیدہ جرم تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نان فائلنگ پر پہلے ٹیکس پیئر کو معاف کیا جاتا ہے اور سمجھایا بھی جاتا ہے کہ یہ خلاف قانون ہے لیکن اگر وہ پھر بھی باز نہ آئے تو ہمیں قانون کے مطابق کاروائی کرنی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے دو کاروبار ہیں اور اس کی رجسٹریشن ایک ہے تو وہ ان دونوں کے ٹیکس ادا کرے گا لیکن رجسٹریشن کی وجہ سے اس کے گوشوارے ایک ہوں گے۔
عمران احمد نے ٹیکس دہندگان کے اس گلے کو جواب دیتے ہوئے کہ گوشوارے جمع کرنے کا طریقہ کار مشکل ہے، اس کے جواب میں بتایا کہ اگر کسی ہوٹل کا مالک گوشوارے جمع کرنا چاہتا ہے تو وہ جو آن لائن فارم جمع کرے اس میں صرف وہ باکسز نظر آئیں گے جو ان کے ساتھ تعلق رکھتے ہوں تو میرے خیال میں آن لائن طریقہ کار نہایت آسان ہے۔