تعلیم

”ڈیجیٹل ہنر سے آراستہ نوجوان قومی معیشت کو فروغ دے سکتے ہیں”

ڈیجیٹل ہنر سے آراستہ تربیت یافتہ نوجوان نئے بزنس اور قومی معیشت کو فروغ دے سکتے ہیں، نوجوانوں کے لیے تربیت میں ضروری ہنرمندی، کاروباری علم اور عملی مہارتوں کو سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنا روزگار خود قائم کر کے قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

ان خیالات کا اظہار شرکاء نے فریڈرک نومان فاؤنڈیشن (FNF) پاکستان اور پشاور یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ کانفلیکٹ اسٹڈیز (IPCS) کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کے تحت پشاور یونیورسٹی کے طلباء کے لیے منعقدہ ڈیجیٹل ہنرمندی کی تربیت کے موقع پر کیا۔

"نوجوانوں کے لیے سٹارٹ اپ اور ڈیجیٹل ہنر کی تربیت” کے عنوان کے تحت منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں پشاور یونیورسٹی میں زیر تعلیم افغان طلبہ و طالبات سمیت مختلف شعبہ جات کے تقریباً 25 طلباء نے شرکت کی۔

تربیتی ورکشاپ کا مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارت کی ترقی کے امکانات کو سمجھنے اور اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد خود روزگاری اور خود انحصاری کے مقصد کے ساتھ اپنے کاروبار اور اسٹارٹ اپس کو چلانے میں ممکنہ مدد فراہم کرنا تھا۔

شرکاء سے اپنے خطاب میں آئی پی سی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بابر شاہ نے بے روزگاری پر قابو پانے اور قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے نئی مہارتیں سیکھنے پر زور دیا۔

FNF کے سینئر پروگرام منیجر عامر امجد نے نوجوان طلباء کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل مہارتیں اور تربیت سازی نئے کاروبار میں انقلاب برپا کر سکتی ہیں اور قومی معیشت میں تربیت یافتہ نوجوانوں کی شمولیت سے معاشی ترقی میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ خودانحصاری اور اپنی آمدنی خود پیدا کرنے کے لیے ضروری ڈیجیٹل مہارتیں اور ٹولز اور نئے کاروباری آئیڈیاز کی خصوصیات حاصل کریں۔

دو روزہ ٹریننگ کے نگران کائنات حمید خان نے شرکاء کو اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم، ٹیم بلڈنگ، نئے کاروباری رموز و اصول، کاروبار چلانے کے لیے ضروری آن لائن تکنیکی طریقوں اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی تکنیکوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

انہوں نے مقامی سٹارٹ اپ ایکو سسٹم اور اس کی قانونی اور انتظامی تقاضوں کو گہرائی سے سمجھنے کے لیے دلچسپ مشقوں اور عصرحاضر کی مثالوں کے ذریعے سیکھنے میں بھی مدد فراہم کی، اس کے علاوہ، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح نئی مہارتیں جیسے کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سوشل میڈیا ٹولز اور ضروری کاروباری سمجھ اور تحقیق نئے سٹارٹ اپ کی کامیابی کے امکانات کو بڑھانے اور نوجوانوں میں اپنے روزگار کے ذریعے خودانحصاری کو حاصل کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔

تربیت کے اختتام پر ڈاکٹر بابر شاہ اور عامر امجد نے طلباء میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button