نشاء عارف
پانی دنیا میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے جس کا کوئی رنگ ہوتا ہے نہ بو لیکن انسانی جسم کے لئے یہ کتنا اہم ہے، آئیے جانتے ہیں۔ ماہر طب ہو یا نیوٹریشنسٹ، ہر کوئی یہی کہتا ہے کہ پانی کا استعمال زیادہ کریں؛ وجوہات کیا ہیں؟
کہا جاتا ہے کہ امریکہ میں کولڈ ڈرنکس یا دوسری مشروبات کی نسبت بند بوتل کے پانی کی ڈیمانڈ زیادہ ہے؛ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں سب سے زیادہ پانی پیا جاتا ہے کیونکہ دنیا بھر میں پانی پینے کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔
ماہرین طب کے مطابق ہر انسان کو روزانہ 8 سے 10 گلاس تک پانی پینا چاہئے کیونکہ یہ گرودں کی صفائی کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سکن کی صفائی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پانی جسم سے پسینے کی شکل میں فاضل مادے خارج کرتا ہے جس کی وجہ سے سکن صاف اور تروتازہ رہتی ہے۔ لیکن پسینے سے جسم میں موجود نمکیات بھی خارج ہوتے ہیں تو گرمی کے موسم میں زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔ زیادہ پانی پینے سے یورین پاس ہونے کے ساتھ بی پی نارمل رہتا ہے، یورک ایسڈ جسم سے خارج ہو جاتا ہے جو مختلف بیماروں کی وجہ بنتا ہے۔
پانی پینے سے قبض جیسی بیماری کو روکا جا سکتا ہے۔ چٹ پٹی اور فاسٹ فوڈ کھانے سے اکثر لوگوں کو قبض کی شکایت رہتی ہے، ان کو چاہئے کہ پانی کا استعمال کریں۔ پانی کی زیادہ مقدار سے قبض کی شکایت نہیں رہتی۔
ویسے بھی زندگی کا انحصار پانی پہ ہے۔ پانی کے بغیر صفائی ستھرائی مشکل کیا ناممکن ہے۔ پانی ضرویات زندگی کا ایک اہم حصہ ہے، گھر کی صفائی ستھرائی سے لے کر کھانے پینے تک!
کچھ ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ کھانے سے پہلے اور دوران میں پانی پینے سے غذا زود ہضم بنانے میں مدد ملتی ہے۔وٹامنز، معدنیات اور دیگر غذائی اجزا کو حل کرنے میں بھی پانی اہم کردار ادا کرتا ہے جس کے بعد یہ تحلیل شدہ اجزا کو باقی جسم میں استعمال ہونے کے لئے فراہم کرتا ہے۔
پانی وزن کو بھی کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ پانی کا زیادہ استعمال چربی کو بھی کم کر دیتا ہے۔ پانی جسم کو آکسیجن پہنچاتا ہے، خون کی گردش میں بہتری آتی ہے جس سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس لئے پانی اللہ کی بڑی نعمت ہے، اس کی قدر کرنی چاہئے۔ ہر جگہ صاف پانی بھی میسر نہیں۔ اگر دیکھا جائے تو پورے پاکستان میں کئی شہروں میں کھارا پانی ہے۔ وہ لوگ صاف پانی دوسری جگہوں سے منگواتے ہیں۔
بعض لوگ پیاس لگنے کی صورت میں پانی پیتے ہیں جو غلط ہے، پانی کی طلب ہو یا نا ہو ضرور پینا چاہئے۔ سردیوں میں لوگ پانی کم استعمال کرتے ہیں یا اگر گرمیوں میں اے سی کی وجہ سے پانی کی طلب کم ہوتی ہے ایسی صورت میں اپنی اچھی صحت کے لئے ماہرین کی تجویز کردہ مقدار کے مطابق پانی پیا جائے۔
جو لوگ ورزش کرتے ہیں تو ساتھ میں صاف پانی کی بوتل ضرور رکھیں تاکہ جو بھی پانی پسینے کی شکل میں جسم سے خارج ہوتا ہے اسے پورا کیا جا سکے۔
لیکن دوسری جانب صحت کے ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پانی صاف و شفاف ہونا چاہئے کیونکہ اگر آلودہ پانی استعمال کیا جائے تو وہ بھی صحت مثبت کی جگہ منفی اثرات مرتب کرتا ہے، صحت بہتر ہونے کی بجائے آپ مختلف قسم کی بیمارویوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔
کہا جاتا ہے پاکستان میں سب سے میٹھا پانی خیبر پختونخوا میں پایا جاتا ہے۔ صاف پانی بہت بڑی نعمت ہے، اس کی قدر کیجئے ۔