سیاست

سیلاب کا پانی اترے گا تو گندم کی فصل بڑی اچھی ہو گی۔ عمران خان

سیلاب ہمارے لیے بڑا چیلنج مگر ہم مل کر اس مشکل سے نمٹیں گے۔ سابق وزیراعظم

اس وقت ملکِ عزیز میں سیلاب نے ہر سو تباہی مچائی ہوئی ہے تاہم سابق وزیراعظم عمران خان کی نظر میں سیلاب نے ہمیں جہاں ناقابل تلافی نقصان پہنچایا وہیں اس کا ایک بہت بڑا فائدہ بھی ہو گا، سیلاب کا یہ فائدہ وہ ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے موقع پر سامنے لائے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو روجھان آمد پر سیلابی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈی آئی خان اور باقی علاقوں کو دیکھا کہ بہت بڑا علاقہ پانی کے نیچے ہے، جب یہ پانی اترے گا اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ جب لوگ اپنی فصل اگائیں گے تو گندم جس کا انتظار اپریل تک کرنا پڑے گا تو وہ فصل بڑی اچھی ہو گی۔

 انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ملک بھر میں کتنا نقصان ہوا، اس کا ڈیٹا اکٹھا کرنا ہو گا، پی ڈی ایم اے کو نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کرنا چاہیے، اس سے بحالی کے کاموں میں مدد ملے گی۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہزاروں ایکڑ زمین اس وقت پانی میں ڈوبی ہوئی ہے، سیلاب متاثرین کو مزید امداد کے معاملے پر بات کروں گا، سیلاب ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے مگر ہم مل کر اس مشکل سے نمٹیں گے، اپنے نمائندوں سے کہتا ہوں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جائیں، اس وقت سیلاب متاثرین کو مدد کی ضرورت ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مچھردانیاں فراہم کی جائیں، ہر جگہ سیلاب سے متاثر ہے، ہمیں ڈیموں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت لوگوں پر حقیقی معنوں میں مشکل وقت آیا ہوا ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم یعنی ارکان صوبائی و قومی اسمبلی، حکومت اور میں، سب مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں، آئندہ کے لیے ہم چاہتے ہیں کہ 2 ڈیموں کا بننا بہت ضروری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button