مردان میں خون کی ہولی، ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل
مردان: تحصیل کاٹلنگ کے علاقہ خرکی میں مستورات کے تنازعے پر ملزم نے فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو قتل کر دیا، رات کے اندھیرے میں ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں نامعلوم کے ساتھ مل کر گھر پر ہلہ بول دیا اور خون کی ہولی کھیل کر فرار ہو گئے۔
پولیس تھانہ خرکی کے عملے کو مقتول سبز علی کے نواسہ حضرت علی ولد لعل بادشاہ سکنہ محبت آباد مردان نے رپورٹ درج کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے خالہ کے گھر خرکی آیا ہوا تھا کہ صبح ہمیں اطلاع ملی کہ نانا سبز علی خان ولد ثانی گل عمر 65 سال کے گھر پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا ہے، پہنچتے ہی گھر کے اندر جا کر دیکھا تو نانا سبزعلی خان اور ان کے بیٹے 19 سالہ اسد علی اور اسد علی کی بیوی مسماۃ س اور چار سالہ ابوبکر ولد اسد علی خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑے تھے اور ملزمان فرار ہو گئے تھے۔
وجہ عناد یہ بتائی کہ ان کے مقتول نانا سبز علی اور مقتول ماموں اسد علی نے مجھے بتایا تھا کہ ملزم احسان حلیم ولد نیک حلیم سکنہ شیرخانہ پلئی کے ساتھ مستورات کا تنازعہ چلا آ رہا ہے جس نے گھر آ کر انہیں قتل کرنے کی دھمکی دی تھی، ”مجھے یقین ہے کہ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے ان کو قتل کر دیا ہے۔”
پولیس نے ملزم احسان حلیم اور دیگر نامعلوم ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو کی میڈیکل ٹیم نے لاشوں کو فوری طور پر پوسٹ مارٹم کے لئے ٹائپ ڈی ہسپتال کاٹلنگ منتقل کیا۔ بعدازاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء نے میتوں کو پولیس تھانہ خرکی کے سامنے مین شاہراہ پر رکھ کر سڑک احتجاجاً بند کی اور مطالبہ کیا کہ اس ہولناک واقعے میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔
مظاہرین کے ساتھ ایس پی آپریشن مردان پولیس نے مذاکرات کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ کیس کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر تفتیش کر رہے ہیں اور جلد ملزمان تک پہنچ کر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش بھی جاری ہے۔