کھیل

ایشیاء کپ: بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

ایشیا کپ 2022 کے دوسرے میچ میں بھارت نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا تھا جسے بھارتی ٹیم نے آخری اوور کی چوتھے گیند پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، ہاردیک پانڈیا نے چھکا لگا کر میچ کا اختتام کیا۔

اس سے قبل میچ کا آغاز ہوا  تو انڈیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے آغاز اچھا نہ ہوا اور  پہلی وکٹ کپتان بابراعظم کی گری جو 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ فخر زمان بھی 10 رنز بنا کر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔ افتخار احمد نے محمد رضوان کے ساتھ 45 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن وہ بھی 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

محمد افتخار کے بعد محمد رضوان 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ خوشدل شاہ دو رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔ آصف علی 9 اور محمد نواز ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 10 رنز بنا سکے۔

نسیم شاہ صفر اور شاہنواز دھانی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہنواز دھانی نے آخری اوورز میں دو چھکے لگائے۔

بھارتی فاسٹ باولر بھونیشور کمار نے 26 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ہاردک پانڈیا نے 25 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

148 رنز کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز ہوا تو ویرات کوہلی اور روہیت شرما کے درمیان 49 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن بھارتی کپتان 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر ویرات کوہلی 35 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند کا شکار ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین اور ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ باولر نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ دوران باولنگ انجری کا بھی شکار ہو گئے۔ قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باولر نسیم شاہ نے بھارتی اوپنر کے ایل راہول کو صفر پر آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ نے سوریا کمار یادیو کو 18 رنز پر بولڈ کر دیا جبکہ محمد نواز نے جدیجا کو آؤٹ کیا۔

نوجوان فاسٹ باولر نسیم شاہ نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم انجری کے باعث پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

فاسٹ باولر حسن علی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے لیکن وہ پاک بھارت میچ میں دستیاب نہیں تھے۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا 100 واں میچ کھیل رہے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button