باجوڑ میں دھماکہ: جے یو آئی کے نائب امیر حاجی سید باچا سمیت تین افراد زخمی
اب تک واقعے کی ذمہ داری کسی مسلح گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے تحصیل سلارزئی کے علاقہ چنار میں مذہبی جماعت جمیعت علمائے اسلام کے نائب امیر اور خار سب ڈویژن کے چیئرمین حاجی سید باچا کی گاڑی پر بم دھماکہ ہوا ہے جس میں حاجی سید باچا اپنے تین ساتھیوں سمیت زخمی ہو گئے ہیں۔
اب تک واقعے کی ذمہ داری کسی مسلح گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس سے پہلے بھی جمعیت علمائے اسلام کے تین افراد ٹارگٹ کئے جا چکے ہیں جس کی ذمہ داری کالعدم تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔
باجوڑ پولیس نے ابتدائی معلومات کی بنیاد پر بتایا کہ واقعہ صبح نو بجے کے قریب پیش آیا جب حاجی سید باچا اپنے بھتیجے اور ساتھی مولانا ضیاء اللہ جان حقانی کے ساتھ ایک جنازے سے واپس گھر جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق بم راستے میں نصب تھا جس سے چیئرمین کی گاڑی ٹکرا گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت شدید تھی جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالصمد اپنے سکواڈ کے ہمراہ جائے وقعہ تک پہنچ چکے ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔