کیپرا: ٹیکس اب بہ آسانی جمع کرائیں مگر کیسے؟
خيبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے سیلز سروسز پروائیڈرز کے ٹیکس جمع کرنے کیلئے ڈیجیٹل کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کیا ہے جس پر سروسز پروائیڈرز بہ آسانی اپنا ٹیکس آن لائن جمع کرا سکتے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ ٹیکس پیئر ٹیکنالوجی کو کیسے استمال کریں گے اور اس سے کیسے فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے یو ایس ایڈ کے پی آر ایم کے تعاون سے ایک آگاہی مہم شروع کی ہے جس میں ٹیکس پیئر کو ٹیکنالوجی سے آگاہ کرنے کیلئے کوششیں کی جاتی ہیں۔
کیپرا ترجمان سہیل رضا خٹک کے مطابق کیپرا کا پورا نظام آن لائن ہے، اس سے پہلے ٹیکس کے نظام میں جب کوئی ٹیکس جمع کرتا تھا تو ٹیکس پیئر کو بینک جانا پڑتا تھا مگر خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ کے حکم پر یہ نظام آن لائن بنا دیا گیا اور اب کوئی بھی ٹیکس پیئر اپنا ٹیکس آن لائن جمع کرا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر انٹرنیٹ موجود نہیں تو ایزی پیسہ کے ذریعے بھی ٹیکس جمع کرایا جا سکتا ہے لیکن اگر یہ سہولت بھی موجود نہیں تو ہم نے تحقیق کے بعد ان علاقوں میں جہاں پر انٹرنیٹ نہیں ہے وہاں پر مینول سسٹم متعارف کرایا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کیپرا یو ایس ایڈ کے پی آر ایم کا بے حد مشکور ہیں جو ہمارے عملے کو وقتاً فوقتاً نئی ٹیکنالوجی کے حوالےسے تربیت دیتے ہیں، اس کے علاوہ کے پی آر ایم نے کال سنٹر کا نظام بھی قائم کیا ہے جو یونیورسلی ایکسسیبل نمبر ہے اور اس نمبر 111005772-091 پر 9 بجے سے شام 5 بجے تک کال کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ ای کانفرنس سسٹم موجود ہے جس پر ہم آن لائن میٹنگ کر سکتے ہیں اور یہ میٹنگ دیگر صوبوں کے ساتھ ہمیں کنیکٹ کرتی ہے۔
سہیل خٹک نے کہا کہ اگر کسی ٹیکس پیئر کا کیس ہو اور وہ نزدیکی آفس جا کر وہاں پر حاضری دے تو اس کے تمام ریکارڈ اور موقف کو آن لائن سُنا جائے گا۔
دوسری جانب اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیٹا بیسز نواب نے بتایا کہ کیپرا سیلز آن سروسز ٹیکس کا پورٹل آن لائن ہے، ریٹرنز فائل اور ٹیکس کلیکشن یہ سارا نظام ٹیکنالوجی بیسڈ ہے کیونکہ ٹیکنالوجی کے بغیر یہ نظام چلانا ممکن ہی نہیں ہے، ٹیکنالوجی نے ایک کلک پر سارا نظام نہایت آرام دہ بنایا ہوا ہے، اس کی افادیت یہ ہے کہ رجسٹریشن اور ٹیکس کلیکشن میں اضافہ ہوا ہے۔
نواب علی نے کہا کہ ٹیکس پیئر کا پروفائل، ریٹرنز اور دیگر پورے کے پورے ڈاکومنٹس آن لائن موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے تعاون سے عملے نے باقاعدہ تربیت لی ہوئی ہے، اس کا فائدہ یہ ہے کہ آپ آسانی سے کسی سیکٹر میں گروتھ، کمی، ڈکلئریشن اور رجسٹریشن دیکھ سکتے ہیں، ”اس میں تھوڑا سا کام مینول ہے جب کوئی ٹیکس ادا نہیں کرتا ہے تو ریکارڈ تو وہ آن لائن دیکھ سکتا ہے لیکن جرمانہ یا دیگر سزاؤں کیلئے مینول طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔”
سہیل رضا نے بتایا کہ کال سنٹر کے علاوہ واٹس ایپ نمبر 1421423-0333، فیس بک اور یوٹیوب پر کمنٹس کے ذریعے لوگ سوالات پوچھتے ہیں اور یہ سوالات ہمارے لئے نہایت اہم معنی رکھتے ہیں کیونکہ فیڈ بیک لینا ادارے کی بہتری ہے، ان میں لوگوں کے بیشتر سوالات رجسٹریشن، ٹیکس دہندہ گان کیلئے ڈاکومنٹس کی ریکوائرمنٹ وغیرہ کے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ٹیکس جمع نہیں کرتا تو ایک ماہ کی تاخیر پر ان پر 5 ہزار روپے تک جرمانہ لگایا جاتا ہے اگر پھر بھی کوئی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں تاخیر کرے تو ادارہ مزید جرمانے اور قید کا اختیار رکھتا ہے۔
ترجمان کیپرا کے مطابق کیپرا کال سنٹر پر بیٹھے افراد سکل فل ہوتے ہیں اور ان کو تمام معاملات کے بارے میں علم ہوتا ہے اور وہ صارف کو مکمل طور پر مطمئن کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اگر کوئی ایسی بات ہو جس کا ان کو علم نہ ہو تو وہ صارف سے موبائل نمبر لے کر مسئلے کے بارے میں جان کر صارف کو آگاہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے اور اس حوالے سے PKPRA کے نام سے یوٹیوب پر تمام عمل کے بارے میں طریقہ کار جان سکتے ہیں جس کی پوری تفصیل وہاں پر ایک ویڈیو کی شکل میں موجود ہے۔
ترجمان سہیل رضا نے کہا کہ کیپرا نے ایک موبائل ایپ ڈیولپ کرنے کا بھی پلان بنایا ہوا ہے لیکن اس کے لئے ہم دوسرے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیپرا میں ایک شکایت موصول ہونے کیلئے ایک ڈیسک قائم کیا گیا ہے اگر کسی سروسز پروائڈر کو کوئی شکایت ہو تو وہ ہمارے واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں، اگر کوئی غلطی ثابت ہوئی تو ہم اپنے متعلقہ افسر یا کسی بھی شخص کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کر سکتے ہیں۔
سہیل رضا نے خواتین کے کاروبار کے حوالے سے بتایا کہ وہ خواتین جو کیپرا کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں تو ان کے لئے ہم نے ریمز کا نظام متعارف کرایا ہے اور اس پر تین فیصد کا ٹیکس مقرر کیا ہے، اگر ریمز انسٹال نہ ہو تو پھر آٹھ فیصد ٹیکس دیں گے تو ریمز میں یہی فائدہ ہوتا ہے کہ وہ کم ٹیکس ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیپرا میں باقاعدہ طور پر بڑے عہدوں پر خواتین کو فائز کیا گیا ہے اور ہم نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے کہ فلاں خاتون کسٹمر خواتین کے مسائل حل کریں گی جس میں مردان، ہزارہ، ایبٹ آباد میں ٹیکس فیسلیٹیشن پر انسپکٹر کے عہدوں پر خواتین براجمان ہیں جو خواتین کو سہولیات فراہم کرتی ہیں۔
سہیل رضا نے سکینر کے بارے میں بتایا کہ اب کیپرا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جا رہے ہیں اور اس وقت 19 ہزار افراد ٹیکس پیئر ہیں اور اس سکینر کے ذریعے ان کے ڈاکومنٹس سکین کرتے ہیں جس سے ڈیٹا محفوظ بن جاتا ہے اگر ڈاکومنٹس گم ہو بھی جائیں تو اس سکینر سے ہم آسانی سے نکال کر مسئلہ حل کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایس پورٹل کے ذریعے ہم اپنے کسٹمر کو 12 تاریخ سے پہلے میسج کرتے ہیں اور اس کے ذریعے بتاتے ہیں کہ آپ اپنا ٹیکس جمع کرائیں پھر بھی اگر کوئی ٹیکس جمع نہ کرائے تو ہم 20 تاریخ کو کر دیتے ہیں پھر بھی اگر کوئی ٹیکس جمع نہیں کرتا تو اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہیں۔
ترجمان کیپرا سہیل رضا خٹک نے کہا کہ جب ہم کسی ٹیکس پیئر کا ریکارڈ ضبط کرتے ہیں تو ہم اس کے خلاف مینول طریقے سے کاروائی کرتے ہیں لیکن ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم اس حد تک نہ پہنچ جائیں کہ ریکارڈ ضبط کریں بلکہ ہم انہیں قائل کرتے ہیں لیکن پھر بھی اگر کبھی اس حد تک بات پہنچتی ہے تو ہم پروفیشنل ٹولز اور طریقہ کار کے تحت ان کے خلاف کاروائی کرتے ہیں۔