گال ٹیسٹ: سری لنکا نے پہلی اننگز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 315 رنز بنالیے
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں سری لنکا نے پہلے روز کے اختتام پر 6 وکٹ کے نقصان پر 315 رنز بنالیے۔
گال اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے اوشاڈا فرنینڈو اور دیمتھ کرونا رتنے نے اننگز کا آغاز کیا اور لنکن ٹائیگرز کو پہلا نقصان 92 کے مجموعے پر ہوا جب اوشاڈا فرنینڈو 50 رنز بنا کر نواز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ کوشال مینڈس 3 کے انفرادی اسکور پر آغا سلمان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔
کپتان دیموتھ کرونارتنے کو یاسر شاہ نے 40 رنزپر چلتاکیا، کیریئرکا 100 واں ٹیسٹ کھیلنے والے اینجیلو میتھیوز نے پھر چوتھی وکٹ پر دنیش چندیمل کے ساتھ 75 رنزکی پارٹنرشپ لگائی، انہیں 40 رنز پرنعمان نے پویلین روانہ کیا، ان فارم بیٹر دنیش چندیمل ایک اینڈسے رنزبناتے رہے اور نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے 2 چھکے، نو چوکے لگائے اور 80 رنزکی اننگز کھیل کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے ۔
دھننجایا ڈی سلوا کو نسیم شاہ نے 33 رنزپر کلین بولڈکردیا ، پہلے دن کے اختتام تک سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنزبنالیے جب کہ نیروشن ڈکویلا 42 اور ڈونیتھ ویلا لیگے 6 رنزکے ساتھ کریزپرموجود ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، اظہر علی کی جگہ فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ انجرڈ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نعمان علی پلیئنگ الیون میں شامل ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔