سوات کا فضل معبود، نوجوانوں کا مسیحا
شہزاد نوید
سوات میں پچیس سالہ نوجوان فضل معبود ایک سماجی کارکن اور چائلڈ لیبر پر کام کرتے ہیں، حالیہ رمضان کے مہینے میں نشے کی لت میں افراد کو افطاری کرواتے، افطاری کے وقت ان لوگوں کو دریا کنارے لے جاتے اور وہاں اُن کے لئے افطاری کا اہتمام کرتے تھے۔
فضل پچھلے سات سالوں سے نشے میں مبتلا افراد کی بحالی کا کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں رمضان کے مہینے میں جہاں لوگ افطاری کے لئے گھروں کا رخ کرتے اور اپنے بچوں کے لئے افطاری لے کر جاتے وہی دوسری جانب فضل معبود نامی یہ نوجوان گھر سے دور ثواب کماتے رہے۔
فضل معبود نے اس حوالے سے گفتگو میں بتایا کہ وہ گزشتہ سات سالوں سے رمضان کے مہینے میں اِن افراد کے لئے افطاری کا اہتمام کرتے ہیں جس کی بدولت انہیں دلی سکون ملتا ہے، "ان دنوں میں ایک طرف گرمی ہے تو دوسری جانب لوڈشیڈنگ سے بھی لوگ پریشان ہیں، میں نہ صرف ان لوگوں کے لئے افطاری کا اہتمام کرتا ہوں بلکہ ان کی ذہنی نشو نما بھی کرتا ہوں۔”
فضل کے مطابق دریاء کنارے بیس سے پچیس افراد کو روزانہ دریا کنارے لے جاتے، وہاں ان کے ساتھ کھیلتے، انہیں ورزش کراتے اور انہیں اس بات پر مجبور کرتے کہ زندگی سے پیار کریں اور نشے سے انکار کریں، "میں اس کام کو عبادت سمجھتا ہوں، اب تک میں نے جتنے بھی افراد کی ذہنی نشو نما کی ہے ان میں زیادہ تر چور، نشئی اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث افراد تھے، میری اس کاوش سے متعدد افراد اب جرائم پیشہ عناصر سے دور ہو چکے ہیں اور اپنی محنت مزدوری کرتے ہیں جسے میں اپنی جیت تصور کرتا ہوں۔”
ماہرین کے مطابق رمضان کے مہینے میں افطاری کا اہتمام کرنا کوئی خاص بات نہیں لیکن جو کام فضل کر رہے ہیں اس کے معاشرے پر بہت مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر فضل کی طرح دیگر لوگ بھی اس سوچ پر کام کریں اور ان بگڑے ہوئے افراد کو معاشرے کا حصہ سمجھ کر ان کی فلاح و بہبود کے اقدامات اُٹھائیں تو ہمارا معاشرہ خوشحال بن سکتا ہے۔