شمالی وزیرستان سے پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ
پاکستان میں رواں برس پولیو کا دوسرا کیس رپورٹ ہو گیا، شمالی وزیرستان میں ایک اور دو سالہ بچی اس وائرس سے متاثر پائی گئی۔ وزارت صحت کے ترجمان نے 2022 میں پولیو کے دوسرے کیس کی نشاندہی کی تصدیق کر دی۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کی پاکستان نیشنل پولیو لیبارٹری نے بھی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی 24 ماہ کی اس بچی میں وائرس کی تصدیق کی ہے، مذکورہ بچی پر 14 اپریل کو فالج کا حملہ ہوا تھا۔
دوسری جانب وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ہر بچے کی صحت اور زندگی کو قیمتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے دوران اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 22 اپریل کو پاکستان میں 15 ماہ بعد پولیو وائرس کا ایک کیس رپورٹ ہوا تھا جو کہ عالمی سطح پر 2022 میں پولیو کا تیسرا کیس ہے۔
پاکستان کی قومی پولیو لیبارٹری نے تصدیق کی تھی کہ پولیو کا نیا کیس شمالی وزیرستان میں سامنے آیا ہے۔ قبل ازیں پولیو وائرس کا آخری کیس 27 جنوری 2021 کو قلعہ عبداللہ بلوچستان سے رپورٹ ہوا تھا۔
کیس رپورٹ ہونے کے کچھ ہی دن بعد مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پولیو کے خلاف جنگ میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
بل گیٹس نے گزشتہ منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان کو یقین دلایا تھا کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) پاکستان میں کسی بچے کو پولیو وائرس سے مفلوج ہونے کا خطرہ نہیں ہونے دے گی، اور پولیو وائرس کے خلاف ان کا ساتھ دیں گے۔