خیبر پختونخوا میں بوسٹر ڈوز کہاں کہاں پر ملتے ہیں؟
انور زیب
ملک کے دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی کورونا وبا کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں خیبر پختونخوا میں مثبت کیسوں کی شرح 8۔3 فیصد ریکارڈ کی گئی جس پر قابو پانے کیلئے بوسٹر ڈوز کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے اہلکاروں کے مطابق بوسٹر ڈوز کورونا وبا کی پانچویں لہر اومی کرون وائرس کو ختم کرنے کیلئے دی جاتی ہے۔ بوسٹر ڈوز لگانے کیلئے سال 2021 میں کورونا وبا پر قابو پانے کے سرکاری ادارے این سی او سی نے ہدایات جاری کی تھیں۔
محکمہ صحت کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بوسٹر ڈوز ان افراد کو لگائی جائے گی جنہوں نے کورونا کی دونوں ویکسین 6 ماہ قبل لی ہوں، ان کے مطابق جن کی عمریں 18 سال سے زائد یا محکمہ صحت کے اہلکار ہوں، وہ اہل ہیں اور جو مریض اس وقت کورونا وائرس میں مبتلا ہوں تو انہیں 28 دن تک انتظار کے بعد بوسٹر ڈوز دی جا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ضروری نہیں کہ جو ویکسین لگائی گئی ہو تو اسی کمپنی کی ویکسین لگائی جائے بلکہ دیگر کمپنیوں کی ویکسین بھی لی جاسکتی ہے۔ ان کے مطابق اگر کسی نے فائزر، کین سینو اور موڈرنا کی ویکسین لی ہو تو وہ سائنوفارم یا دیگر ویکسین بھی لگا سکتے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں بوسٹر ڈوز کی سہولیات فراہم کر دی ہیں، ان میں پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال شامل ہیں۔
معلومات کے مطابق بوسٹر ڈوز ٹیچنگ ہستپالوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہستپالوں کو بھی فراہم کی گئی ہے، نوشہرہ میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس اور میاں راشد حسین شہید ہسپتال کو فراہم کی گئی ہے۔
اسی طرح ضلع چارسدہ میں ڈسٹرکٹ ہیدکوارٹر ہستپال، تحصیل تنگی ہیڈکوارٹر ہسپتال اور شبقدر ہسپتال کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ضلع مومند کے ڈی ایچ کیو غلنئی، مردان میڈیکل کمپلیکس، ٹی ایچ کیو ہسپتال کاٹلنگ، صوابی میں باچا خان میڈیکل کمپلیکس، ڈی ایچ کیو ہسپتال صوابی، ٹی ایچ کیو ہسپتال لاہور میں بھی بوسٹر ڈوز حاصل کی جا سکتی ہے۔
بوسٹر شاٹس کیلئے قبائلی ضلع باجوڑ کے ڈی ایچ کیو خار، بونیر ڈی ایچ کیو ڈگر، بنوں میں خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال، لکی مروت ڈی ایچ کیو تاجا زئی، ٹی ایچ کیو نورنگ، نارتھ وزیرستان میں ٹی ایچ کیو میران شاہ، ڈی آئی خان میں این ٹی آئی مفتی محمود، سول ہسپتال پولیس لائن اور ٹی ایچ کیو پہاڑی پورہ سے بوسٹر ڈوز لگوائی جا سکتی ہے۔
ضلع ٹانک کے ڈی ایچ کیو، چترال میں ٹی ایچ کیو چترال، ٹی ایچ کیو گرم چشمہ، اپر چترال میں ٹی ایچ کیو بُنی، لور دیر کے ڈی ایچ کیو تیمرگرہ، ٹی ایچ کیو ثمرباغ، ٹی ایچ کیو چکدرہ اور اپر دیر میں ڈی ایچ کیو اپر دیر میں بوسٹر ویکیسین ملتی ہیں۔
اسی طرح ملاکنڈ ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو درگئی، شانگلہ ٹی ایچ کیو الپوری، ٹی ایچ کیو بشام، ٹی ایچ کیو پورن، ضلع سوات کے سیدوہ ہسپتال، کڈنی ہسپتال، ٹی ایچ کیو مٹہ، ٹی ایچ کیو خوازہ خیلہ کو بھی بوسٹر ڈوز کی سہولت دی گئی ہے۔
ایبٹ آباد کے ایوب ٹیچنگ، ڈی ایچ کیو ایبٹ آباد، بٹگرام میں ڈی ایچ کیو بٹگرام، ڈی ایچ کیو ہری پور، سول ہسپتال ایبٹ آباد، لور کوہستان میں ڈی ایچ کیو پٹل، مانسہرہ میں کنگ عبداللہ تدریسی ہسپتال اور ٹی ایچ کیو بالاکوٹ سے بوسٹر ڈوز حاصل کی جا سکتی ہے۔
محکمہ پبلک ہیلتھ خیبر پختونخوا کے اعدادو شمار کے مطابق اس وقت صوبہ میں 83 ہزار 6 سو 25 افراد کو بوسٹر ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں آٹھ کروڑ 42 لاکھ لوگوں کو مکمل ویکسین لگائی جا چکی ہے جن میں سے تقریباً 20 لاکھ افراد کو بوسٹر ڈوز فراہم کی گئی ہے۔