جرائم

ٹانک اور میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن: 4 جوان شہید 2 دہشت گرد بھی مارے گئے

ٹانک اور میر علی میں شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے دو مختلف آپریشنوں کے دوران مقابلے میں چار جوان شہید جبکہ عصمت اللہ شاہین گروپ کے 2 جنگجو دانیال اور شاہین عرف ذاکر مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹانک کے علاقے کوٹ کٹ میں سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے ہائی ویلیو ٹارگٹڈ جائنٹ آپریشن جاری تھا کہ دہشت گردوں سے مقابلہ ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مقابلے کے دوران عصمت اللہ شاہین گروپ کے دو دہشت گرد دانیال اور شاہین عرف ذاکر مارے گئے ہیں، دونوں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان میں ملوث رہے ہیں، دہشت گردوں کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، کلاشنکوف اور ایمونیشن برآمد ہوئے ہیں۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھی آپریشن کر کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا، گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی تحویل میں لے لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، شہدا میں بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے حوالدار منور، لکی مروت کے سپاہی ذکاءاللہ، کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے سپاہی فرحان اور ایبٹ آباد کے سپاہی شیراز شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button