وانا: محافظ اور بدامنی پھیلانے والوں کی پہچان مشکل، تاجروں کا 5 جنوری کو مکمل شٹرڈاؤن کا اعلان
جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا کے تاجروں نے مطالبات کے حق میں کل سے 2 گھنٹے کے علامتی ہڑتال جبکہ 5 جنوری سے مکمل شٹرڈاؤن کا اعلان کر دیا۔
اس ضمن میں مقرب خان، قائرہ اعظم، سیف الرحمن اور دیگر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہاں کے تاجر بدامنی کا شکار ہیں، بارزار میں کالے شیشوں والی گاڑیوں پر پابندی، منشیات روک تھام کیلئے اقدامات اور پولیس چوکیاں قائم کرنے سمیت پولیس کے گشت میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کو منسوخ، افغانستان کے تاجروں کو وانا تک آمدورفت کی اجازت دی جائے، گردوی چیک پوسٹ سے انگور اڈہ بارڈر تک تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات، شناختی کارڈ ہولڈرز کیلئے بارڈر پر آسانیاں، موبائل نیٹ ورک بحال اور بینک سہولت فراہم کی جائے۔
تاجروں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے تاجر آج سے وانا بازار میں 2 گھنٹے کا علامتی ہڑتال کریں گے اور اگر پھر بھی مطالبات منظور نہ ہوئے تو 5 جنوری سے مکمل شٹرڈاؤن کریں گے جس کے دوران اہم شاہراہیں بند کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان نہ ہونے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں، ڈاکو اور پولیس کی پہچان مشکل ہو گئی ہے کیونکہ محافظ اور ڈاکو نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور کالے شیشوں والی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں۔