سیاست

مردان: بلدیاتی انتخابات میں کامیاب قرار پانے والی دو خواتین کونسلرز کے شوہر کو تیسری مگر تعلیم یافتہ بیوی کی تلاش

عبدالستار مہمند

مردان کی تحصیل رستم میں ویلج کونسل پلوڈھیری 2 سے اشتیاق نامی شخص کی دو بیویوں نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیا اور دونوں ہی جیت گئیں۔

19 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں کلثوم بی بی نے پلوڈھیری ویلج کونسل 2 میں خواتین کی نشست کے لئے کاغذات جمع کرائے تھے جبکہ زینب بی بی جنرل کونسلر کی نشست کی امیدوار تھیں۔

ان دونوں خواتین کے شوہر اشتیاق حسین کے مطابق ان کی بیوی کلثوم بی بی نے زنانہ سیٹ کے لئے انگوٹھی کے نشان کے ساتھ الیکشن لڑا اور 1710 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی جبکہ اس کے مقابلے میں دیگر چار خواتین ناکام ہو گئیں۔

ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سے گفتگو میں اشتیاق حسین نے مزید بتایا کہ میری دوسری بیوی زینب بی بی جنرل کونسلر کی نشست کی امیدوار تھی اور مردوں کے ساتھ اس کا مقابلہ تھا جن کو مختلف سیاسی پارٹیوں نے ٹکٹ جاری کئے تھے جبکہ سابقہ ممبرز بھی شامل تھے تاہم میری بیوی زینب بی بی کے انتخابی نشان بالٹی نے سب کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لئے بڑی خوشی کی بات ہے کہ لوگوں نے ان کے خاندان پر اعتماد کا اظہار کیا، ”میں نے کئی سیاسی پارٹیوں سے ٹکٹ کے لئے رابطے بھی کئے لیکن کسی نے ٹکٹ نہیں دیا، میں خود پراپرٹی کا کاروبار کرتا ہوں اور جو کماتا ہوں لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرتا ہوں۔”

ااشتیاق حسین نے بتایا کہ ان کی بیویوں کا انتخاب میں حصہ لینا خواتین کی خدمت کرنا ہے، ”میری تیسری بیوی فوت ہو چکی ہے اور تینوں بیویوں سے 12 بچے ہیں اور میں اور میری بیویاں لکھ پڑھ نہیں سکتے اس لئے ایک تعلیم یافتہ تیسری بیوی کی تلاش میں ہوں تاکہ آئندہ جنرل الیکشن میں تعلیم یافتہ بیوی حصہ لے سکے۔

یاد رہے کہ بلدیاتی الیکشن میں مردان کے گلی باغ کی ویلج کونسل میں میاں بیوی نے الیکشن میں حصہ لیا تھا تاہم بیوی خاتون نشست پر جبکہ شوہر جنرل کونسلر کی سیٹ پر ناکام رہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کو خیبر پختونخوا  کے بلدیاتی الیکشن میں بڑا دھچکا لگا ہے، حکمران جماعت پشاور، مردان، کوہاٹ اور بنوں میں سٹی میئر کا الیکشن ہار گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button