سیاست

مردان: بلدیاتی انتخابات میں اے این پی اور جے یو آئی ف کو واضح برتری، حکمران جماعت پی ٹی آئی سیٹ جیتنے میں ناکام

عبدالستار مہمند

مردان: بلدیاتی انتخابات میں اے این پی اور جے یو آئی ف کو واضح برتری، حکمران جماعت پی ٹی آئی سیٹ جیتنے میں ناکام، ضلع کی پانچ تحصیلوں میں سٹی تحصیل سمیت دو اے این پی جبکہ تین جے یو آئی ف کے حصے میں آئیں۔

اے این پی کے حمایت اللہ مایار نے 56468 ووٹ حاصل کر کے سٹی تحصیل کی میئرشپ پر کامیاب قرار پائے۔ اسی طرح تحصیل تحت بھائی میں جے یو آئی ف کے امیدوار محمد سعید نے 45881 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے ممتاز خان مہمند نے 33717 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمد خاور مہمند 21327 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

تحصیل کاٹلنگ میں جے یو آئی ف کے امیدوار مفتی حماداللہ یوسفزئی 30474 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے فضل الرحمان 18186 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور پی ٹی آئی کے زرشاد خان 16103 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

اسی طرح تحصیل رستم کے چیئرمین کے لئے جے یو آئی ف کے مولانا مبارک احمد نے 16887 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار مظفرشاہ 12482 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحصیل گڑھی کپورہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بختاور خان نے 20244 ووٹ لے کر تحصیل چیئرمین منتخب ہو گئے جبکہ جے یو آئی ف کے امیدوار محمد آیاز نے 17399 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ضلع مردان میں بلدیاتی انتخابات کے میئر اور تحصیل چیئرمین کی سیٹوں کے لئے کل 520560 ووٹ پول ہوئے جن میں 42241 ووٹ مسترد کئے گئے ہیں۔ انتخابات میں ضلع مردان کے 231 ویلج اور نیبرہڈ کونسلوں کے لئے بھی انتخابات ہوئے لیکن ان کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button