الاٹمنٹ کے باوجود ساجد کاظمی کی پراپرٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری قابل مذمت ہے۔ کرم یونین آف جرنلسٹس
ضلع کرم انتظامیہ کی جانب سے گرفتار کئے گئے پاراچنار کے صحافی اور پریس کلب کے آفس سیکرٹری ساجد کاظمی تاحال رہا نہ ہو سکے، صدہ اور پاراچنار پریس کلب اور کرم یونین آف جرنلسٹس کے صحافیوں نے ساجد کاظمی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پاراچنار ضلع کرم سے دنیا نیوز اور دیگر اداروں کے لئے کام کرنے والے صحافی ساجد کاظمی کو گزشتہ دنوں سرکاری فلیٹ خالی کرانے کے لئے پراپرٹی ایکٹ کے تحت ضلعی انتظامیہ نے گرفتار کیا تھا حالانکہ باقاعدہ الاٹمنٹ کے بعد ساجد کاظمی اپنی کمسن بچیوں اور اہلیہ کے ساتھ فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں۔
ساجد کاظمی کی رہائی کے لئے کل صحافیوں نے اے سی اپر کرم سے ایم این اے اور ایم پی اے کی موجودگی میں ملاقات کی تاھم ساجد کاظمی کی رہائی میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔
صحافیوں کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں صحافیوں کو پلاٹ، فلیٹ اور دیگر سہولیات دی گئی ہیں تاہم الاٹمنٹ کے باوجود صحافیوں کے ساتھ اس طرح کا رویہ افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔
ملکی و بین الاقوامی اداروں سے ضلعی انتظامیہ کے اس رویے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع کرم کے صحافیوں نے کہا کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے ساجد کاظمی کو رہا نہ کیا تو قبائلی اضلاع اور ملکی سطح پر احتجاج شروع کیا جائے گا۔