جرائم

مردان: پولیس اور اشتہاری ملزم کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق، ملزم بھی مارا گیا

لکی مروت میں پولیو ٹیم پر حملے کے بعد مردان کی تحصیل تخت بھائی میں فائرنگ کے تبادلہ میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ اشتہاری ملزم بھی مارا گیا۔

زرائع کے مطابق پولیس سٹیشن ساڑو شاہ کے ایس ایچ او نے خفیہ اطلاع پر ملاکنڈ روڈ پر تحصیل کمپلیکس کے قریب موٹر سائیکل مکینک کی دکان پر چھاپہ مارا کہ اس دوران ضلع مردان اور صوابی پولیس کو مطلوب ملزم اشتہاری اور ڈکیت نثار ولد دوست محمد سکنہ مٹہ سوات نے گرفتاری دینے سے انکار کر دیا۔

زرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نثار نے پولیس کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او کے گنر کانسٹیبل سرتاج بہادر موقع جاں بحق ہو گئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم اشتہاری نثار ولد دوست محمد سکنہ مٹہ سوات بھی مارا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مردان ڈاکٹر زاہد اللہ، ایس پی آپریشن محمد قیس، ڈی ایس پی تخت بھائی سرکل روحان زیب خان پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مزید ضروری کارروائی کا آغاز کر دیا۔

واضح رہے کہ آج ٹانک میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر مسلح افراد کے حملے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔

ٹی این این کی جانب سے رابطہ کرنے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ٹانک ڈاکٹر احسان اللہ نے حملے کی تصدیق کی اور بتایا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیو سکیورٹی ٹیم پر حملہ کیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button