سیاست

جمرود: فاٹا قومی جرگہ نے بلدیاتی انتخابات کے خلاف مہم کا باقاعدہ آغاز کر لیا

زاہد ملاگوری

جمرود: فاٹا قومی جرگہ نے بلدیاتی انتخابات مخالف کمپین کی باقاعدہ شروعات کر لیں، فاٹا قومی جرگہ کے زیراہتمام حاجی فضل الرحمن کے حجرے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں سے فاٹا قومی مشران نے بلدیاتی انتخابات کے خلاف باقاعدہ کمپین شروع کر دی۔

اس موقع پر فاٹا قومی جرگہ چیئرمین ملک حاجی بسم اللہ خان آفریدی کا کہنا تھا کہ فاٹا قومی جرگہ نے کچھ دن پہلے فیصلہ کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات قبائلی اضلاع میں فاٹا انضمام کو مضبوط کرنا ہے جس کو کسی صورت نہیں ہونے دیں گے کیونکہ فاٹا انضمام قبائلی عوام کے مرضی کے بغیر غیرآئینی و غیرقانونی طریقے سے ہوا ہے۔

فاٹا قومی جرگہ مشران کا کہنا تھا کہ جس طرح قبائلی اضلاع میں صوبائی الیکشن ناکامی سے دوچار ہوا تھا بالکل اسی طرز پر بلدیاتی انتخابات بھی ناکامی سے دوچار ہوں گے اور قبائلی عوام بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کر کے ووٹ پول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے فاٹا قومی جرگہ مشران نے خیبر، مہمند و باجوڑ میں بلدیاتی انتخابات کے خلاف باقاعدہ کمپین کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد قبائلی عوام کو آگاہ کرنا ہے کہ قبائلی عوام کی ترقی،خوشحالی اور عزت اپنے قبائلی نظام میں ہے کیونکہ فاٹا انضمام سے قبائلی عوام کی عزت کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

مشران کے مطابق قبائلی نظام میں ہماری عورتوں کو اتنا تحفظ حاصل تھا کہ دشمن بھی دشمنوں کی عورتوں کی عزت کرتے تھے لیکن اب انضمام کے بعد ہماری خواتین جیلوں میں قید ہو رہی ہیں جو کہ کسی بھی صورت میں قبائل کے غیور عوام کو گوارا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی الیکشن ہوئے 2 سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن صوبائی منتخب نمائندگان کی کارکردگی صفر ہے تو ایسے میں بلدیاتی نمائندگان منتخب ہو کر کیا کر لیں گے، بلدیاتی انتخابات قبائلی عوام کے خلاف اور فاٹا انضمام کو مضبوط کرنے کی گھناؤنی سازش ہے جس کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button