سیاست
آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور کور کمانڈر پشاور کی وزیر اعظم سے ملاقات
وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق عسکری قیادت کی پیر کے روز وزیراعظم ہاؤس آمد ہوئی جہاں سول اور عسکری قیادت نے اہم اجلاس میں شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ اہم وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ملک کی سلامتی امور اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں اہم سرحدی امور اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سانحہ سیالکوٹ کے تناظر میں قومی ایکشن پلان پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ قومی و داخلی سلامتی اور خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔