جمرود: خیبر قومی جرگہ نے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ، احتجاجی جلسوں کا اعلان کر دیا
جمرود: خیبر قومی جرگہ نے بلدیاتی انتخابات کے خلاف بائیکاٹ اور احتجاجی جلسوں کا اعلان کر دیا، قومی جرگہ کے مشر ملک بسم اللہ خان آفریدی کے مطابق مارچ میں فاٹا انضمام کے خلاف اسلام آباد میں لاکھوں افراد دھرنا دیں گے۔
جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشران ملک بسم اللہ خان آفریدی، ملک حاجی ضراب ابدال خیل، ملک نجیب آفریدی، ملک تماش شلمانی، ملک داؤد منیاخیل، حاجی حنیف آفریدی، حاجی ولایت منیاخیل و خیبر قومی جرگہ کے دیگر مشران نے کہا کہ قبائلی مشران نے فاٹا انضمام بالجبر کیا ہے جہاں پر فاٹا انضمام کے وقت قبائلی مشران سے کوئی رائے نہیں لی گئی تھی اس لیے قبائلی عوام نے انضمام کو روز اول سے مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت بلدیاتی انتخابات کا وقت نہیں کیوں کہ اب بھی قبائلی علاقوں سے لاکھوں افراد متاثرین بن کر کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں اس لیے پہلے متاثرین کو واپس کیا جائے، بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان اس لیے کیا کہ قبائلی علاقوں میں مردم شماری درست طریقے سے نہیں ہوئی پہلے درست طریقے سے مردم شماری کی جائے۔
مشران نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں انضمام کے بعد امن و امان کی صورتحال خراب ہے اس خراب صورتحال کو کنٹرول کر کے امن قائم کی جائے، فاٹا انضمام کو قبائلی عوام نے مسترد کر دیا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ فاٹا انضمام کو مضبوط کرنے کے لیے بلدیاتی انتخابات کا ڈرامہ رچایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشران و کشران کے ہمراہ گھر گھر جا کر بلدیاتی انتخابات کے خلاف مہم چلائیں گے اس لیے قبائلی عوام بلدیاتی انتخابات کے خلاف مہم چلائیں اور بائیکاٹ کا اعلان کریں، خیبر قومی جرگہ بلدیاتی انتخابات کے خلاف جمرود سمیت پورے قبائلی علاقوں میں احتجاجی جلسے کرے گا۔
خیبر قومی جرگہ کے مشران نے سپریم کورٹ سے بھی مطالبہ کیا کہ فاٹا انضمام کے خلاف رٹ پٹیشن پر جلد از جلد فیصلہ کیا جائے اور فاٹا انضمام کو واپس کر کے قبائلی روایات کو بحال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا قومی جرگہ نے فیصلہ کیا ہے کہ مارچ میں فاٹا انضمام کے خلاف اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے جس میں قبائلی عوام اور انضمام مخالف قوتیں شرکت کریں گی۔