سعودی عرب نے پاکستان سمیت 6 ممالک سے براہ راست پروازوں پر عائد پابندی ختم کر دی
سعودی عرب نے پاکستان سمیت 6 ممالک سے براہ راست پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بدھ کی صبح سے ان چھ ممالک جن میں انڈونیشیا، پاکستان، برازیل، ویتنام، مصر اور بھارت شامل ہیں، ان ممالک سے براہ راست پروازیں شروع کردی گئی ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق ان ممالک کے شہری اب کسی تیسرے ملک میں 14 روز کا قرنطینہ کرنے کے بجائے براہ راست سعودی عرب میں داخل ہوسکیں گے البتہ انہیں فلائٹ سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل جاری کیا گیا پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا۔
اس کے علاوہ ان ممالک کے شہریوں کو سعودیہ پہنچنے کے بعد 5 دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا ۔ اس سے قبل سعودی عرب نے کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے شہریوں پر یہ پابندی عائد کی تھی کہ اگر وہ مملکت میں آنا چاہتے ہیں تو کسی تیسرے ملک میں 14 روزہ قرنطینہ مکمل کریں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے پہلی بار کورونا وائرس کی وجہ سے 14 مارچ 2020 کو پروازوں پر پابندی عائد کی تھی تاہم اب بتدریج بہت سی پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔