تعلیم

وزیرستان: محسود ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت سالانہ ٹیلنٹ ایوارڈ پروگرام کا انعقاد

جنوبی وزیرستان: کیڈٹ کالج سپینکئی محسود ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت سالانہ ٹیلنٹ ایوارڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی بریگیڈیئر نیک نام محمد بیگ کے علاوہ چیئرمین رحمت خان، وائس چیئرمین حاجی جہانزیب خان برکی اور پرنسپل کیڈٹ کالج سپنکئی رغزئی سمیت علاقہ کے معززین، مشران، سماجی و مذہبی شخصیات، اساتذہ و طلبہ، وکلاء اور صحافیوں نے شرکت کی۔

پروگرام کے چیف آرگنائزر کرنل متین تھے جبکہ ماوا کراچی کے کوآرڈینیٹر شمس اللہ اور ماوا ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین عبداللہ صدیقی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے۔

اس موقع پر کرنل متین، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر نور زمان، ڈپٹی سیکرٹری پی ایم ہاؤس احسان محسود، سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمت اللہ خان، ڈی سی کوہاٹ روشان محسود اور ڈاکٹر فضل غنی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، بعدازاں قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے بعد محسو د ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین حاجی جہانزیب خان برکی نے افتتاحی کلمات پیش کیے اور پروگرام کی میزبانی کرنے پر کیڈٹ کالج سپنکئی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور محسود و برکی بزنس کمیونٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے جنہوں نے ہر موڑ پر ماوا کو سپورٹ کیا ہے۔

اس موقع پر شرکاء کے سامنے ماوا کی 8 سالہ کارکردگی پر مشتمل ڈاکومینٹری پیش کی گئی جسے شرکاء نے کافی سراہا۔

بعدازاں میٹرک، انٹر اور شہادۃ العالمیۃ میں علاقے کی سطح پر نمایاں نمبرات حاصل کرنے والوں کو شیلڈز اور نقد انعامات سے نوازا گیا اور وزیرستان کے سرکاری سکولوں کی سطح پر اعلیٰ نمبرات لینے والوں کو شیلڈز جبکہ جنوبی وزیرستان کے اندر کامیاب تعلیمی ادارے چلانے والے پرنسپل صاحبان اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کرام کو اسناد دی گئیں۔

تقریب سے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی بریگیڈیئر نیک نام محمد بیگ نے کہا کہ ان شاءاللہ ماوا کے پلیٹ فارم سے اس علاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔ ایم این اے مولانا جمال الدین نے کہا کہ خدمت خلق ایک عظیم کام ہے تاہم اس کے ثواب اور برکت کی بنیاد اخلاص پر ہے، اس لئے تمام رضاکاروں کو چاہیے کہ اپنے کام میں جس قدر ہو سکے خلوص پیدا کریں۔

ایم پی اے مولانا عصام الدین نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی بھی ضرورت ہے، ماوا کو چاہئے کہ طلبہ کی اخلاقی اور دینی تربیت کے لیے بھی پروگرامات اور ورکشاپس کا انعقاد کرے۔ پروگرام میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ایم این اے سیف الرحمٰن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ اس علاقے کی تعلیمی ضروریات کی جانب توجہ دے، بدقسمتی سے حکومت کی توجہ اس جہت کی جانب کم ہے۔

فکس اٹ کے بانی اور ایم این اے عالمگیر محسود نے ماوا کا شکریہ ادا کیا جو محسود کمیونٹی کی تعمیر و ترقی کے سلسلے میں کوشاں ہے۔ سابق سینیٹر مولانا صالح شاہ نے ماوا کی کاوشوں کو سراہا اور قومی خدمت کے سلسلے میں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ محسود آفیسرز فورم کے چیئرمین کرنل یعقوب نے کہا کہ جب تک ہمارے درمیان اتحاد و اتفاق قائم نہیں ہوتا ہمارے مسائل ختم نہیں ہو سکتے۔

ماوا چیئرمین رحمت خان نے کہا کہ یہ تنظیم کسی ایک فرد کی ملکیت نہیں، یہ ہم سب کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اور ہم سب نے مل کر اس کے ذریعے اپنی قوم کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دوردراز علاقوں سے آ کر پروگرام میں شرکت کی۔ چیئرمین ماوا نے خبیب فاؤنڈیشن کا ذکر بھی کیا جو ماوا کے ساتھ مختلف پراجیکٹ میں تعاون کر رہی ہے، پرنسل کرنل طارق اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے کالج پرنسپل سے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ اس کالج میں محسود قوم کے کوٹے میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مقامی طلبہ اس معیاری ادارے سے فیض یاب ہو سکیں۔

کیڈٹ کالج سپنکئی کے پرنسل کرنل طارق نے کہا کہ ہمارا ادارہ ماوا کے لیے ہر وقت کھلا ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہم ایک ساتھ مل کر چلیں تاکہ اس علاقے سے جہالت کی تاریکیوں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر سکیں، ”میرے ادارے کی خدمات آپ کے لیے ہمیشہ حاضر رہیں گی۔”

پروگرام کا اختتام مولانا جمال الدین کی دعا پر ہوا۔ پروگرام کے بعد تمام شرکاء کے لیے میس کا انتظام موجود تھا، جس کے بعد اس پروگرام کے چیف آرگنائزر کرنل متین محسود نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور انہیں رخصت کر دیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button