وانا، محکمہ واٹر منیجمنٹ میں اقرباء پروری کا راج، غریب زمیندار رُل گئے
محکمہ واٹر منیجمنٹ کے اہلکار گٹھ جوڑ پر واٹر سٹوریج مہیا کرتے ہیں جبکہ لاچار اور غریب زمیندار کھیتوں کی سیرابی کے لئے کچے سٹوریج بنا کر پانی ضائع ہونے سے پریشان حال ہیں، وانا اور گردونواح میں جاری واٹر منیجمنٹ سکیمز سے اکثر زمیندار مذکورہ محکمہ کے اہلکاروں سے گٹھ جوڑ نہ ہونے کی وجہ سے محروم کر دیئے گئے ہیں۔
مقامی زمیندار میر نواز خان اور ملک نیک محمد خان نے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ ہذا کے اہلکاروں نے گاؤں خواشی خیل سمیت پوری وانا تحصیل میں سروے اور ضروری کاغذات تیار کرنے کے باوجود نظرانداز کر دیا، سالہا سال انتظار کے باوجود محکمہ کے اہلکار مختلف بہانے تراشتے ہیں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ واٹر منیجمنٹ کے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اہلکاروں نے جن لوگوں کو گٹھ جوڑ کے تحت سکیمز دی ہیں ان کی تحقیقات کی جائیں اور واٹر منیجمنٹ کے موجودہ اہلکاروں کو تبدیل، مذکورہ محکمہ کا وانا کیمپ میں دفتر قائم کیا جائے تاکہ کسانوں اور زمینداروں کے لئے محکمہ ہذا سے ملنے میں آسانی پیدا ہو سکے۔
زمینداروں نے مذکورہ محکمہ کے تعاون سے تعمیری فنڈ میں کسان اور زمیندار کے ذمہ شرائط اور خرچہ کی رقم کو واضح الفاظ میں بیان کرنے کی استدعا کی اور الزام عائد کیا کہ موجودہ اہلکار زمینداروں اور کسانوں سے لاکھوں کے حساب سے رقم بٹورنے میں مصروف ہیں۔