چترال: سکول گاڑی کو حادثہ، ایک طالبعلم جاں بحق 12 زخمی
گل حماد فاروقی
ضلع اپر چترال کے گورنمنٹ ہائی سکول لنکوہ تریچ پائین کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں ایک طالب علم فرحت حکیم موقع پر جاں بحق جبکہ بارہ زخمی ہو گئے جنہیں دیہی مرکز صحت شاہ گرام منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او ضلع اپر چترال کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول لنکوہ تریچ پائین کے طلبہ زونل ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کے بعد یہ گاڑی واپس لا رہے تھے کہ رائین گول کے مقام پر ایک حطرناک چڑھائی پر یہ گاڑی گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک طالب علم فرحت حکیم جاں بحق جبکہ بارہ شدید زحمی ہو گئے، زحمیوں کو فوری طور پر دیہی مرکز صحت شاہ گرام منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پحتون خواہ کے معاون خصوصی وزیر زادہ کیلاش نے اس حادثے پر نہایت دکھ کا اظہار کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ان زحمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہ کرے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ اگر ہسپتال میں کسی قسم کی کمی ہو اسے فوری طور پر انتظامیہ کی جانب سے پورا کیا جائے گا مگر ہمارے مستقبل کے معماروں کے علاج میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔
واضح رہے کہ چترال میں سڑکوں کی حالت انتہائی خطرناک حد تک حراب ہے اور زیادہ تر سڑکیں دریا کے کنارے سے گزرتی ہیں جہاں دریا کی جانب سڑک کے کنارے نہ تو حفاظتی دیوار ہیں نہ جنگلا، اور پہاڑی علاقوں میں یہ سڑکیں انتہائی حطرناک چڑھائیوں سے گزرتی ہیں جہاں اکثر اس قسم کے حادثات پیش آتے ہیں جن میں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔
چترال کے سیاسی اور سماجی طبقہ فکر سے وابستہ لوگ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ چترال کے دونوں اضلاع کی سڑکوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے اور حطرناک جگہوں میں حفاظتی دیواریں ضرور بنائی جائیں تاکہ یہاں کے لوگ اس قسم کے حادثات سے بچ سکیں۔