پشاور: ڈینگی مثبت کیسز کی تعداد 4 ہزار سے متجاوز
پشاور میں ڈینگی مثبت کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی اور شہر کے 10 علاقے ڈینگی وائرس کے حوالے سے ہاٹ سپاٹ قرار دیے گئے ہیں۔
پشاور میں صوبائی محکمہ صحت نے تہکال، اچینی اور سفید ڈھیری سمیت دس علاقوں کو ڈینگی کے حوالے سے ہاٹ سپاٹ قرار دے رکھا ہے جہاں ڈینگی وائرس مسلسل پھیل رہا ہے، ان متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ تشویش ناک صورتحال کے باوجود متاثرہ علاقوں میں صرف ایک آدھ بار انسداد ڈینگی سپرے کیا گیا۔
پشاور میں ایک جانب اگر شہری اسپرے نہ ہونے پر حکومت پر برہم ہیں تو دوسری جانب نجی لیبارٹریوں میں ڈینگی ٹیسٹ کی فیسوں میں خود ساختہ اضافے پر بھی شہری پریشان ہیں جب کہ ڈینگی بخار میں استعمال ہونے والی ادویات بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 9342 ہے جب کہ پشاورمیں مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4779 تک جا پہنچی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک ڈینگی سے 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔